ہر بڑا لیڈر اور انسان یوٹرن لیتا تھا اور لیتا رہے گا: عامر لیاقت

Last Updated On 17 November,2018 08:07 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے یوٹرن سے متعلق بیان کے چرچے ہیں۔ سوشل میڈیا پر صارفین اس بیان پر ملے جلے ردعمل کا اظہار بھی کررہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما ؤں کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے بیان کی وضاحت دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین بھی کپتان کے بیان کے دفاع میں منظر عام پر آئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے بیان کا دفاع کرتے ہوئے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا کہنا تھا کہ یوٹرن واپس پلٹنے کو کہتے ہیں، ہمارے دین میں واپس پلٹنے والا رجوع کرنے والا ہے،واپس پلٹنا اچھا ہوتا ہے، بات پر جمے رہنا مناسب نہیں ہوتا۔

ٹویٹر پرجاری اپنے پیغام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے یو ٹرن سے مراد رجوع کو لیا ہے اور صحیح مطلب اخذ کیا ہے ، ہر بڑا لیڈر اور انسان یوٹرن لیتا تھا اور لیتا رہے گا۔