حزب اختلاف کی ریکوزیشن پر قومی اسمبلی کا اہم اجلاس آج ہوگا

Last Updated On 23 November,2018 08:57 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن کی ریکوزیشن پر قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج ہوگا، اجلاس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن پارلیمانی پارٹی اجلاس میں ایوان کے اندر کی حکمت عملی طے کرے گی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس آج صبح دس بجے پارلیمنٹ ہاوس میں ہوگا۔ اجلاس اپوزیشن کی ریکویشن پر بلایا گیا ہے جسکی ریکوزیشن پاکستان مسلم لیگ ن ن نے جمع کروائی تھی۔ اجلاس میں شرکت کے لیے نیب کی حراست میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کو نیب ٹیم لیکر اسلام آباد منسٹر انکلیو پہنچ گئی ہے جہاں شہباز شریف اپوزیشن لیڈر کی رہائشگاہ پر دوران اجلاس قیام کریں گے۔ اجلاس میں شرکت کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی نے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے۔

اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کو نیب ٹیم بذریعہ پی آئی اے کی پرواز لاہور سے اسلام آباد لیکر پہنچ گئی۔ نیب ٹیم شہباز شریف کو لیکر پی کے 1852 سے لاہور سے اسلام آباد پہنچی، کل قومی اسمبلی اجلاس سے قبل صبح ساڑھے نو بجے پاکستان مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت میاں شہباز شریف کریں گے، مسلم لیگ ن کل قومی اسمبلی اجلاس کی حکمت عملی طے کرے گی۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے دورہ چین، سعودی عرب اور ملائشیا سے متعلق بھی غور کیا جائیگا اور ایوان میں ان دوروں پر تفصیل مانگی جائے گی جبکہ حکومت کے سو روز مکمل ہونے پر حکومتی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جائے گا۔ پبلک اکاونٹس کمیٹی کے چئیرمین کا معاملہ بھی ایوان میں اٹھایا جائیگا، طاہر داوڑ کے قتل اور حکومتی وزراء کے بیانات پر بھی حکومت کو اڑے ہاتھوں لیا جائے گا۔

نواز شریف، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی نیب میں پیشیوں پر بھی احتجاج ہوگا، اپوزیشن کی ریکوزیشین پر اجلاس مختصر مدت کے لیے ہوگا جبکہ قومی اسمبلی کا شیڈول 26 نومبر کو مقرر کیا گیا ہے۔