دہشت گردی کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں‌ ہوئی: آرمی چیف قمر جاوید باجوہ

Last Updated On 23 November,2018 02:53 pm

ملتان: (دنیا نیوز) آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشتگردی اورشدت پسندی کیخلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، انسداد دہشتگردی کے بعد اب استحکام کیلئے آپریشنز جاری ہیں، دہشتگردی اور شدت پسندی کی بنیادی وجوہات ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار آرمی چیف نے آج ملتان گیریژن کے دورے کے موقع پر کیا۔

آئی ایس پر آر کے مطابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے ملتان گیریژن کے دورے کے دوران آرمر فارمیشن کی تربیتی مشقوں کا جائزہ لیا۔ انھوں نے جوانوں کی پیشہ وارانہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ انسداد دہشتگردی کے بعد اب استحکام کیلئے آپریشنز جاری ہیں۔ کچھ عناصر دانستہ، غیر دانستہ طور پر ملک کو تصادم کی طرف لے جا رہے ہیں۔ ریاست میں مذہب، لسانیت یا کسی اور بنیاد پرانتشار پھیلنے نہیں دیں گے۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ امن اور ترقی قانون کی پاسداری سے ہی ممکن ہے، سماجی اور اقتصادی ترقی کی کوششوں کی حمایت کریں گے، دہشتگردی اور شدت پسندی کیخلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، شدت پسندی کی بنیادی وجوہات ختم کرنے کی ضرورت ہے۔