کراچی: گورنرسندھ کی چینی قونصل جنرل سے ملاقات، خیریت دریافت کی

Last Updated On 23 November,2018 03:10 pm

کراچی: (دنیا نیوز) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے چینی قونصل خانے پر حملہ ناکام بنائے جانے کے بعد قونصل جنرل سے ملاقات میں ان کی اور عملے کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ قونصل خانے پر حملہ ملک دشمنوں کی بزدلانہ کوشش تھی۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے جان کا نذرانہ دے کر چینی عملے کی حفاظت کی۔

پاکستانی سکیورٹی فورسز نے چینی قونصل خانے پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا اور 3 دہشتگرد جہنم واصل ہو گئے۔ گورنر سندھ نے چینی قونصل جنرل سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ غیرملکی شہریوں کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، وزیراعظم عمران خان تمام آپریشن کو لمحہ بہ لمحہ مانیٹر کرتے رہے۔

گورنر سندھ نے قونصل خانے میں تعینات چینی عملے کی بھی خیریت دریافت کی اور ان کا تحفظ فول پروف بنانے کیلئے ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔قبل ازیں گورنر سندھ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ یہ حملہ پاک چین دوستی اور سی پیک کے خلاف سازش تھی، حملے کی مکمل تحقیقات کریں گے اورحقائق قوم کے سامنے لائیں گے۔