کراچی سے لاپتہ 2 طالبات ساہیوال میں بازیاب، دارالامان منتقل

Last Updated On 24 November,2018 04:02 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے الہٰ دین پارک سے مبینہ طور پر اغواء ہونیوالی اندرون سندھ کی دونوں طالبات پنجاب کے شہر ساہیوال سے بازیاب ہوگئیں، دونوں لڑکیاں ساہیوال کے دارالامان میں موجود ہیں۔

کراچی میں الہٰ دین پارک سے 17 نومبر کو مبینہ طور پر اغواء ہونے والی 2 لڑکیوں نائیلہ اور ثنا ء کو پولیس نے پنجاب کے شہر ساہیوال سے بازیاب کرا لیا۔ پولیس کے مطابق لڑکیوں نے اسٹڈی ٹور کے دوران خود ہی فرار ہونے کی منصوبہ بندی کی تھی۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح ہوا کہ دونوں لڑکیوں نے فرار ہونے کیلئے پارک کے باہر ایک رکشہ روکا اور پیسوں کے معاملے میں بات نہ بننے پر لڑکیاں ایک کار میں بیٹھ کر روانہ ہوگئیں۔
پولیس کے مطابق ایک لڑکی نے کراچی آنے سے قبل ہی اپنا موبائل فون بند کر دیا تھا اور اپنی والدہ کا موبائل فون استعمال کر رہی تھی، فرار کے بعد لڑکی نے اپنی والدہ کا موبائل فون بھی بند کر دیا تھا، پولیس کے مطابق اب تک کسی ملزم کو گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے مگر لڑکیوں سے تفتیش میں اصل حقائق سامنے آسکیں گے۔