حکومت کی سمت درست ہے، اہداف حاصل کریں گے: وزیر اعظم عمران خان

Last Updated On 27 November,2018 03:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کی سمت درست ہے، اہداف حاصل کریں گے، قوم سے کئے گئے وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومت کی 100 روزہ کارکردگی کا جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو حکومت کے 100 روزہ پلان پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو سادگی و کفایت شعاری مہم پر بھی بریف کیا گیا، وزیراعظم کو نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے پر پیش رفت، ادارہ جات اصلاحات اور ٹاسک فورسز کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں100 روزہ پلان کی تقریب کی تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کی سمت درست ہے، اہداف حاصل کریں گے، قوم سے کئے گئے وعدوں کو پورا کیا جائے گا، ہماری اصلاحات کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے، ملک کی معیشت کو جلد پاؤں پر کھڑا کر دیں گے۔