وزیر اعظم نے معیشت میں بہتری کے لیے مڈٹرم فریم ورک کی منظوری دیدی

Last Updated On 25 November,2018 10:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نےمعیشت کی بحالی کیلئے درمیانی مدت کی پالیسی سفارشات منظور کر لیں، غریب طبقے کیلئے سماجی تحفظ کے فریم ورک کی منظوری بھی دیدی گئی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اقتصادی مشاورتی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں معیشت کی بحالی اور غریب طبقے کے سماجی تحفظ کیلئے سفارشات کی منظوری دی گئی۔ حکومت کے 100 روزہ پلان پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں عمران خان کو ٹیکس اصلاحات ، معیشت کی بحالی اور روزگار کےمواقعوں پر بریفنگ دی گئی۔ وزیرا عظم نے معیشت کی بحالی کیلئے درمیانی مدت کی پالیسی سفارشات منظور کر لیں، غریب طبقے کیلئے سماجی تحفظ کے فریم ورک کی منظوری بھی دیدی گئی۔

فریم ورک کے تحت غربت کے خاتمے، تعلیم و صحت اور غذائی قلت پرقابو پانے کے لیے اقدامات کیئے جائیں گے۔ اجلاس میں 100 روزہ پلان میں اب تک معیشت کی بحالی کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔