کرتار پور بارڈر کھول کر پاکستان نے تاریخ کا نیا رخ متعین کیا، فواد چودھری

Last Updated On 27 November,2018 10:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدر ی نے کرتار پور راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کو تاریخی موقع قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ کرتار پور بارڈ کا راستہ کھول کر پاکستان نے تاریخ کا نیا رخ متعین کر دیا،

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کرتار پور بارڈر کھولنے کے حوالے سے پاکستان امن کی طرف بڑھا ہے، وزیر اعظم عمران خان کا فیصلہ تاریخ ساز ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ غربت کے خاتمے کے لئے امن ناگزیر ہے، دنیا نے دیکھا کہ پاکستان کا کردار مثبت ہی نہیں قائدانہ بھی رہا، انہوں نے کہا کہ بھارت کے کچھ عناصر اپنی انتخابی سیاست کے لئے نفرت کے بیج بوتے ہیں، پاکستان نے سات دہائیوں سے جاری لڑائی اور کشیدگی کو ختم کرنے کی طرف ہاتھ بڑھایا، امن کے لئے کھڑے ہو کر پاکستان نے دنیا بھر کو ایک مثبت پیغام دیا۔

فواد چودھری نے مزید کہا کہ بھارت میں کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ آنکھیں بند کرنے سے مسائل ختم ہو جائیں گے، بھارت میں ایک طبقہ یہ سمجھتا ہے کہ پاکستان پر الزام تراشی سے اسکے اندرونی مسائل حل ہو جائیں گے۔