وزیراعظم آج کرتارپور راہداری منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھیں گے

Last Updated On 28 November,2018 10:44 am

لاہور: (دنیا نیوز) تقریب میں شرکت کیلئے نوجوت سنگھ سدھو سمیت سکھ یاتریوں اور مہمانوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی۔ کرتارپور بارڈر پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں۔

18 اگست کو وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں نوجوت سنگھ سدھو نے آرمی چیف سے کرتارپور بارڈر کھولنے کی خواہش کا اظہار کیا، جس کے بعد حکومت نے خیر سگالی جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے سکھ یاتریوں کیلئے سرحد کھولنے کا اعلان کیا۔

پاکستان کے اقدام پر دنیا بھر میں سکھ برادری خوش ہے۔ وزیراعظم عمران خان کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس اہم تقریب میں شرکت کیلئے بھارتی پنجاب کے وزیر نوجوت سنگھ سدھو لاہور پہنچ چکے ہیں۔

ان کے علاوہ بھارتی وزرا ہرسمرات کور بادل اور ہردیپ سنگھ پوری مودی حکومت کی نمائندگی کریں گے۔ پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج، وزیراعلیٰ بھارتی پنجاب امریندر سنگھ کو بھی دعوت دی تھی، مگر انہوں نے مصروفیات کی بنا پر معذرت کر لی۔

حکومت پاکستان کے منصوبے کے تحت کرتارپور میں بارڈر ٹرمینل کی تعمیر ہو گی اور دریائے راوی پر پل بنے گا۔ منصوبہ بابا گرو نانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر آئندہ سال پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔

سکھ زائرین کو بارڈر سے گوردوارے تک ویزے کے بغیر سپیشل پرمٹ پر رسائی دی جائے گی۔ سکھ یاتریوں کی بھی بڑی تعداد تقریب میں شرکت کیلئے نارووال پہنچ گئی ہے، کرتارپور بارڈر کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔