کراچی: ڈيفنس کے علاقے ميں گاڑی کے اندر ٹائم ڈیوائس سے دھماکا

Last Updated On 03 December,2018 03:00 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے ڈيفنس ميں خالی پلاٹ میں کھڑی گاڑی کے اندر دھماکا ہو گیا۔ دیسی ساختہ بم میں ایک کلوگرام بارود استعمال کیا گیا، گاڑی چوری کی نکلی، پولیس کے مطابق دھماکا خوف پھیلانے کیلئے کیا گیا۔

شہر قائد کا امن خراب کرنے کی سازش، کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان مجاہد میں چوری کی گئی کار میں دھماکا ہو گیا۔ گاڑی خالی پلاٹ میں کھڑی تھی جو دھماکے کے بعد تباہ ہو گئی۔

دھماکے کی شدت اتنی تھی کہ آواز دور دور تک سنی گئی۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور بم ڈسپوزل سکواڈ کو ایل پی جی کے چھ سلینڈرز بکھرے ہوئے ملے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو کے مطابق دھماکے میں ایک کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ دیسی ساختہ دھماکا ٹائم ڈیوائس سے کیا گیا۔ پوليس کا کہنا ہے گاڑی جہانگیرروڈ سے چوری گئی تھی۔

ثناء اللہ کے نام سے رجسٹرڈ کار کی مالک حنا نے رات دس بجے ون فائیو پر چوری کی اطلاع دی۔ اس کے علاوہ مہران 2007ء بھی بوٹ بيسن کے علاقے سے چوری ہو چکی ہے جو پانچ روز بعد ميٹروول کے علاقے سے ملی تھی۔