العزیزیہ ریفرنس: نواز شریف کی استثنا کی درخواست، عدالت کا اظہار برہمی

Last Updated On 04 December,2018 10:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی آج حاضری سے استثنا کی درخواست پر عدالت کا اظہار برہمی، جج نے ریمارکس دیے کہ روز روز استثنا، یہ کچھ زیادہ ہی ہو گیا ہے، سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت کل صبح تک ملتوی کر دی ہے۔ عدالت نے نواز شریف کی آج حاضری سے استثنا کی درخواست پر اظہار برہمی کا اظہار کیا۔

کیس کی سماعت کرنے والے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کا کہنا تھا کہ یہ کچھ زیادہ ہی ہو گیا، روز استثنا، روز استثنا، کچھ کہتا نہیں تو یہ مطلب نہیں کہ روز درخواست دائر کر دیں، ہم دوسرے کام میں مصروف ہیں، اس لیے کچھ نہیں کہتا۔

جج ارشد ملک نے ریمارکس دیے کہ سوچ رہا تھا کہ سپریم کورٹ میں پیشی کے بعد نواز شریف یہاں آئیں گے، فلیگ شپ ریفرنس میں ان کے بیان کیلئے آج تاریخ مقرر تھی۔

عدالت نے نواز شریف کو فلیگ شپ ریفرنس میں بیان قلمبند کرانے کیلئے کل طلب کرتے ہوئے آج حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کر لی۔
 

Advertisement