وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

Last Updated On 06 December,2018 11:29 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا، جس میں 20 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔ گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کا معاملہ دوبارہ ایجنڈے میں شامل ہے۔

کابینہ اپنے گزشتہ اجلاس میں کئے فیصلوں کی عملدراری کا جائزہ لے گی، وفاقی کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے گزشتہ فیصلوں کی توثیق کرے گی، اجلاس میں صنعتوں کو گیس سپلائی کا معاملہ زیر غور آئے گا، اقتصادی امور ڈویژن سے معاملات کی منتقلی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی کی تعیناتی کی منظوری بھی دے گی، کراچی پورٹ ٹرسٹ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کی تشکیل نو کی منظوری بھی متوقع ہے، نجی فضائی کمپنی کے لائسنس میں توسیع کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

کابینہ اجلس میں کینیڈا کے ساتھ انسداد منشیات فورس کے معاہدے کی منظوری بھی شامل ہے، لاء اینڈ جسٹس کمیشن کے ممبران کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے، عالمی انسداد کرپشن دن پر 50 روپے کا یادگاری سکہ جاری کرنے کی منظوری متوقع ہے، کابینہ دستاویزات کی رازداری سے متعلق اقدامات کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔