رینٹل پروجیکٹ کا جنرل منیجر راجہ پرویز کیخلاف وعدہ معاف گواہ بن گیا

Last Updated On 10 December,2018 05:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) رینٹل پاور منصوبہ کیس میں سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کے گرد گھیرا تنگ ہو گیا، رینٹل پراجیکٹ کے جنرل مینجر وعدہ معاف گواہ بن گئے، نیب کی جانب سے ملزم رانا امجد کو گواہان کی فہرست میں شامل کرنے کی استدعا منظور کر لی گئی۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے احتساب عدالت میں استدعا کی ہے کہ ساہیوال، ملتان رینٹل پاور پروجیکٹ کے جنرل مینجر رانا امجد، سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے کے لیے تیار ہیں۔ رانا امجد کو ملزمان کی فہرست سے نکال کر گواہوں کی فہرست میں شامل کیا جائے۔

ریفرنس کے شریک ملزم رانا محمد امجدنے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات سے بھی انکار کر دیا ہے۔ دوسری جانب نیب نے راجا پرویز اشرف کیخلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ سماعت تک ضمنی ریفرنس دائر کر دیا جائے، مزید سماعت 21 دسمبر کو ہو گی۔