عوام کے مسائل کو عوامی پارٹی حل کر سکتی ہے، کٹھ پتلیاں نہیں، زرداری

Last Updated On 15 December,2018 10:59 pm

حیدر آباد: (دنیا نیوز) حیدر آباد میں جلسے سے خطاب کے دوران سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ تحریک انصاف کو کچھ کرنا نہیں آتا، ان سے کام نہیں ہوتا، عوام کی پریشانیوں میں اضافہ ہو رہا ہے، حکومت نے 5 لاکھ افراد کا روزگار ختم کر دیا، لوگوں کو روزگار دینے کے بجائے چھینا جا رہا ہے، غریبوں کے روزگار پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔

آصف علی زرداری کا اپنے دھواں دار خطاب میں کہنا تھا کہ تین سال کی ملازمت والے کو قوم کے فیصلوں کا حق نہیں، یہ حق صرف پارلیمنٹ کے پاس ہے، اسلام آباد میں اندھے، بہرے اور گونگے بیٹھے ہیں، یہ کہتے ہیں سو دن میں اُن سے کوئی کام نہیں ہو سکتا، اِن کا صرف ایک کام ہے مرغی اور انڈہ اگر اِن کے پاس عقل نہیں تو انہیں آپ کیوں لائے؟  اچھا ہوتا الیکشن ہونے دیتے، آنے والی پارٹیاں آپس میں لڑ جھگڑ کر حکومت بنا لیتیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان میں ہمت نہیں کہ میرے حق پر ڈاکہ ڈالیں، غریبوں کے حق پر ڈاکہ ڈالنے پر مجھے تکلیف ہوتی ہے، بے نظیر کارڈ ختم کرنے کی کوشش ہو رہی ہے، بے نظیر کارڈ کو ختم کرنے نہیں دیں گے۔

آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ روز روز مذاق کرنا چھوڑ دیں، پاکستان کیساتھ کافی مذاق ہوچکا ہے، ملک کو پندرہ سال پھر پیچھے دھکیل دیا جاتا ہے، اگر اپنے بزنس مین خوش نہیں تو بیرون ملک سے کون پیسہ لگائے گا۔