بلاول بھٹو نے حکومتی 100 روز کو یوٹرن قرار دے دیا

Last Updated On 29 November,2018 08:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کے سو روز مکمل ہونے پر اسے سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

حکومت کے سو روز مکمل ہونے پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا ٹویٹ آیا ہے جس میں انہوں نے حکومتی سو روز کو یوٹرن قرار دے دیا ہے، انہوں تصویر کے ذریعے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ہم سو دن میں یوٹرن لینے میں مصروف تھے۔

دوسری جانب ترجمان چیئرمین پیپلز پارٹی کی جانب سے ردعمل میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کا حکومت کے سو دن مکمل ہونے پر خطاب غیر متاثر کن تھا، سو دن حکومت میں رہنے کے بعد بھی عمران خان کے پاس بتانے کو کچھ نہیں تھا۔

پیپلز پارٹی ترجمان نے کہا کہ نیا پاکستان کا خواب دکھانے والے نے سو دنوں میں سفید پوش طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی، پہلے سو دنوں میں عوام کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبو دیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے نے عوام کو پریشان کر کے رکھ دیا ہے، پولیس اور بیوروکریسی میں سیاسی مداخلت نے تبدیلی کے دعویداروں کو بے نقاب کر دیا ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خارجہ پالیسی کا مرکز و محور کشکول کو بنا دیا ہے، سو دنوں میں صرف کمیٹیوں کے اوپر کمیٹیاں، پھر ان کے اوپر کمیٹیاں بنائی گئیں۔

بلاول بھٹو کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم احتساب کی بات کرنے سے قبل کم سے کم اپنے سامنے بیٹھے ساتھیوں پر نظر ڈال لیتے، اور نہیں تو خان صاحب اپنے ان مالی سہولت کاروں کو ہی نیب کے حوالے کریں جن کی بیرون ملک جائیدادیں ہیں۔