حکومت نے اہم اہداف کامیابی سے حاصل کر لیے، شہزاد ارباب

Last Updated On 29 November,2018 06:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے مشیر شہزاد ارباب کا حکومت کی 100 روزہ کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے 34 میں سے 18 اہداف کامیابی سے حاصل کر لیے ہیں۔

شہزاد ارباب کا خطاب میں کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے سو روزہ ایجنڈے کا اعلان کرتے ہوئے کفایت شعاری کو اپنایا، میں نے بہت ساری حکومتوں کیساتھ کام کیا لیکن جس رفتار سے موجودہ حکومت نے کام کیا، 36 سالوں میں نہیں دیکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ سو روزہ ایجنڈا دینے پر دوستوں نے کہا تھا خود مشکلات کھڑی کریں گے، تسلیم کرتا ہوں وہ ٹھیک تھے لیکن ہم یہی چاہتے تھے، ہمیں علم تھا صیح بنیاد خود کو مشکل میں ڈالے بغیر نہیں ڈالی جا سکتی، ہم نے درست سمت کا تعین کیا اور اپنی کارکردگی عوام کے سامنے رکھ دی ہے، چاہیے ہیں عوام حکومتی کارکرگی پر اپنی رائے دے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک 11 ارب ڈالر کی چھپائی گئی جائیدادوں کا سراغ لگا لیا ہے، ایسٹ ریکوری یونٹ کو تشکیل دیا گیا اور سوئٹزرلینڈ کیساتھ معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ بیرون ملک اثاثوں کی واپسی کے لئے یونٹ تشکیل دیدیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ایکسپورٹ انڈسٹری کے لیے بجلی اور گیس کوسستا کیا گیا جبکہ اکانومک ایڈوائزری بنائی گئی ہیں۔

شہزاد ارباب نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کو مکمل طور پر بااختیار بنایا جائے گا، خیبر پختونخوا کی طرز پر پنجاب میں ویلج کونسل تشکیل دیئے جائیں گے، ہم نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے لیے لوکل گورنمنٹ نظام کوحتمی شکل دیدی ہے۔

انہوں نے حکومتی اہداف پر مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے نیشنل ٹورازم بورڈ کی تشکیل کا فریم ورک مکمل کر لیا ہے۔ ایف بی آر ریفارمز پر عملدرآمد کا آغاز شروع ہو چکا ہے۔ نیشنل ایگری کلچر پروگرام ترتیب دیا ہے۔ ایف بی آر اصلاحات کا مرکز بن رہا ہے، زرعی شعبے کے اصلاحات کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جا رہا ہے، نیشنل واٹر پالیسی کے بنیادی ڈھانچے میں دیامر اور مہمند ڈیمز کو ہنگامی بنیادوں پر تعمیر کرنا شامل ہے۔

حکومتی خارجہ پالیسی پر بات کرتے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین کیساتھ تعلقات کو مزید وسعت دے رہے ہیں، افغانستان میں امن کے لیے ہمیشہ کی طرح کوشاں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت دسمبر میں اپنی پہلی ہیلتھ پالیسی کا اعلان کرنے جا رہی ہے، دسمبر میں پہلی قومی صحت پالیسی کا اعلان کیا جائے گا، وویمن جسٹس سسٹم ایکشن پلان، وزارت انصاف نے مکمل منصوبہ تیار کیا ہے، خواتین کے لیے انصاف کا حصول آسان کیا جائے گا۔

مشیر وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم اپنے خطاب میں سوشل پروٹیکٹر پروگرام کی تفصیلات بتائیں گے جس سے دو کروڑ افراد کو غربت سے نجات ملے گی۔