عوام حکومت کی 100 روزہ کارکردگی گوگل پر تلاش کریں: مریم اورنگزیب

Last Updated On 29 November,2018 03:53 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے عوام حکومت کی 100 روزہ کارکردگی گوگل پر تلاش کریں، وزیراعظم آج قوم سے براہ راست جھوٹ بولیں گے، سب سے بڑا جھوٹ بولنے والے وزیر کو سب سے بڑا میڈل ملے گا، ن لیگ کی گذشتہ کارکردگی کو اپنی بنا کر پیش کیا جائے گا۔

ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے حکومتی 100 روزہ تقریب پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا قوم ہوشیار رہے، وزیراعظم آج قوم سے براہ راست جھوٹ بولیں گے، عادی جھوٹوں کو مزید جھوٹ بولنے سے کیا شرم ؟ یہ ایسا جھوٹ ہوگا جسے دنیا کی کوئی حکومت نہیں توڑ سکے گی۔ انہوں نے کہا سب سے بڑا جھوٹ بولنے والے وزیر کو سب سے بڑا میڈل ملے گا، وزرا میں جھوٹ بولنے کا سخت مقابلہ جاری ہے، حکومت نے سرکاری خرچ پر اپنے جھوٹ کی تشہیر شروع کر دی ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا حکومت کو "ہم مصروف تھے" کے بجائے "ہم نالائق ہیں" کا اشتہار دینا چاہئے، حکومتی ہدایت ہے کہ عمران صاحب کے جھوٹ کو سچ نہ کہنے والے صحافی نوکری سے نکال دئیے جائیں۔