100 دن کی حکومتی کارکردگی معروف شخصیات کی نظر میں

Last Updated On 28 November,2018 04:54 pm

لاہور: (احمد ندیم) تحریک انصاف کی حکومت کی سو دن کی کارکردگی کے حوالے سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات نے اپنی رائے دی۔ ان شخصیات سے 4 نکات پر مشتمل سوالات پر بات کی گئی جن میں حکومت کی 100 دن کی کارکردگی، حکومت اپنے دعووں پر عمل کر سکی، حکومتی مقبولیت میں اضافہ ہوا یا کمی اور کیا حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، شامل ہیں۔ آئیے دیکھتے ہیں ان شخصیات نے اپنا تجزیہ کن الفاظ میں پیش کیا۔

عارف حبیب (ماہرِ معاشیات )

میرے خیال میں تحریک انصاف کی حکومت کی کارکردگی اوسط درجے کی رہی ہے۔ یہ اپنے دعوے تو پورے نہیں کر سکی مگر اس کی وجہ یہ ہے کہ اس حکومت نے اپنے ابتدائی دن ماضی کی ادائیگیوں کے توازن میں گزارے ہیں اس لیے اپنے دعووں پر توجہ نہیں دے سکے۔ ان کے لیے سب سے بڑا چیلنج معیشت ہے اور نئی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔ حالات ایسے نظر نہیں آتے کہ حکومت کو کوئی خطرہ ہوسکتا ہے۔ آثار بتاتے ہیں کہ حکومت اپنی مدت پوری کریگی۔

معین الدین حیدر (تجزیہ کار)

میں سمجھتا ہوں کہ ابتدائی سو دنوں میں تحریک انصاف کی کارکردگی بہتر نہیں رہی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ جب تحریک انصاف نے حکومت سنبھالی تو ملک کو بڑے سخت قسم کے چیلنجز درپیش تھے۔ اس لیے تحریک انصاف اپنے دعوے بھی پورے نہیں کر سکی۔ ایک اور اہم وجہ یہ تھی کہ موجودہ حکومت کے پاس تجربے کی بھی کمی تھی۔ اپنے وعدے پورے کرنے کے لیے انہیں گورننس اچھی کرنی ہو گی اور آبادی پر کنٹرول کرنا ہو گا۔ ان کی مقبولیت پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ یہ حکومت اپنی مدت پوری کر لے گی۔

عقیل کریم ڈھیڈی( ماہر معاشیات )

میں سمجھتا ہوں کہ تحریک انصاف کی کارکردگی بہتر رہی ہے البتہ عوامی توقعات پر پورے نہیں اتر سکے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس حکومت نے اپنی توجہ مکمل طور پر احتساب پر مرکوز کی ہوئی تھی اور اس احتساب سے ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے دوسری جماعتیں مار دھاڑ کا تاثر لے رہی ہیں۔ اس حکومتی ٹیم کے کپتان کی صلاحیتوں پر کوئی شک نہیں کیا جاسکتا لیکن ٹیم کے اراکین کو مسائل کا علم نہیں ہے۔ اس حکومت کی مقبولیت کا گراف گرا تو نہیں ہے البتہ اضافہ بھی نہیں ہوا۔ یہ حکومت اپنی مدت پوری کر لے گی مگر پانچ سال کے دوران اسے ہر لمحے اپنی بقاء کا مسئلہ درپیش رہے گا کیونکہ یہ حکومت اتحاد پر قائم ہے۔

جنرل (ر) نعیم لودھی ( تجزیہ کار)

میں سمجھتا ہوں کہ تحریک انصاف کی کارکردگی مناسب ہے تاہم صرف ابتدائی سو دنوں کی بنیاد پر کسی بھی حکومت کی کارکردگی کا جائزہ نہیں لیا جاسکتا۔ ایسا کرنا حکومت کے ساتھ زیادتی ہو گی۔ یہ حکومت اپنے دعوے پورے نہیں کر سکی ہے مگر دعوے پورے کرنے کے لیے اسے مزید وقت دینا چاہئے۔ یہ حکومت اپنی پانچ سالہ مدت پوری کریگی مگر اس عرصے کے دوران مسلسل بے چینی و عدم توازن کا شکار رہے گی۔ تحریک انصاف کی مقبولیت میں کمی واقع نہیں ہوئی ہے۔

جنرل (ر) خالد مقبول (تجزیہ کار)

تحریک انصاف کی حکومت کی کارکردگی توقع کے مطابق نہیں رہی، حکومت اپنی عوام کے امیدوں پر پورا نہیں اترسکی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ معیشت کمزور تھی۔ لوگوں میں عدم برداشت اور شدت پسندی کا رجحان بھی زیادہ پایا جاتا ہے۔ اس حکومت کو اپنی ٹیم کو بہتر بنانا ہو گا۔ ٹیم کا کپتان ٹھیک اور پرعزم ہے مگر ٹیم کے اراکین اپنے شعبوں کے قابل نہیں ہیں جس کی وجہ سے وہ متعلقہ شعبوں کے مسائل کو سمجھنے سے ہی قاصر ہیں۔ تمام تر مسائل، رکاوٹوں اور عالمی سطح پر سیاسی حالت میں تغیرات کے باوجود یہ حکومت اپنی مدت پوری کر لے گی۔

ناصرہ جاوید (ماہر قانون)

اگر عملی طور پر دیکھا جائے تو حکومت کچھ نہیں کرسکی ہے۔ البتہ اس بات کو سامنے رکھنا چاہئے کہ کسی حکومت کی کارکردگی کو جانچنے کے لیے سو دن بہت کم ہیں۔ تحریک انصاف نے جو وعدے کیے تھے وہ انہوں نے ایک طویل منصوبہ بندی کے تحت کیے تھے کیونکہ کوئی بھی وعدہ ایسا نہیں تھا جو سو دن میں پورا ہوسکتا اس لیے وہ وعدے پورے بھی نہیں کر سکے۔ حکومت کی مقبولیت میں کوئی فرق نہیں آیا۔ اگرچہ حکومت کے لیے حالات سخت ہیں اور آئندہ بھی سخت ہی نظر آتے ہیں اس کے باوجود حکومت اپنی پانچ سالہ مدت پوری کر جائیگی۔ اس حوالے سے میں سمجھتی ہوں کہ حکومتی مدت پانچ سے کم کر کے چار سال کر دینی چاہئے۔

جسٹس (ر) شائق عثمان (ماہر قانون)

کسی بھی حکومت کی کارکردگی دیکھنے کیلئے سو دن انتہائی کم ہیں۔ کارکردگی کا اندازہ کم از کم پانچ یا چھ ماہ کی کارکردگی دیکھ کر ہی کیا جاسکتا ہے۔ اسی لیے ابھی تک حکومت اپنے دعوے پورے نہیں کر سکی ہے ۔ اس ساری صورتحال کے باوجود حکومت کے مقبولیت کے گراف میں کوئی کمی نہیں آئی۔ پارلیمنٹ میں تحریک انصاف کے پاس واضح اکثریت نہیں ہے اس لیے نہ تو حکومت کوئی قانون سازی کر سکے گی اور نہ ہی کوئی کارکردگی دکھا سکے گی البتہ حکومت اپنی پانچ سالہ مدت پوری کر جائیگی۔ حکومت کو واضح اکثریت کے لیے مڈٹرم الیکشن کی جانب توجہ دینی چاہئے۔

فرزانہ باری (سماجی کارکن)

میں سمجھتی ہوں کہ ابتدائی سو دنوں کے حوالے سے اگر بات کی تو تحریک انصاف کی کارکردگی خراب رہی ہے۔ انتخابات سے قبل کیے جانے والے دعووں کو حکومت پورا نہیں کر سکی ہے۔ ماضی کو دیکھا جائے تو واضح ہوتا ہے کہ جو بھی پارٹی حکومت میں آجاتی ہے اس کی مقبولیت کم ہوجاتی ہے  اسی طرح تحریک انصاف کے بھی حکومت میں آنے کے بعد اس کی مقبولیت میں واضح طور پر کمی ہوئی ہے جس کا اندازہ ضمنی انتخابات سے کیا جاسکتا ہے۔ تمام مشکلات و رکاوٹوں کے باوجود تحریک انصاف کی حکومت اپنی مدت پوری کر لے گی۔

جنرل (ر) امجد شعیب ( تجزیہ کار)

تحریک انصاف کی سو دنوں کی کارکردگی مکمل طور پر تسلی بخش ہے اور اس کی نظام میں بہتری کی رفتار انتہائی مناسب ہے۔ انتخابات سے قبل ابتدائی سو دنوں کے لیے تحریک انصاف کی حکومت نے جو دعوے کیے تھے ان میں سے بیشتر پورے کردیئے گئے ہیں جبکہ بہت سے دعووں پر ابتدائی کام شروع کر دیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کی مقبولیت بدستور قائم ہے اور عوام اب بھی تحریک انصاف کی حکومت پہ ہی بھروسہ کرتے ہیں۔ یہ حکومت عوامی حمایت سے اپنی مدت پوری کر لے گی۔

ماریہ سلطان (تجزیہ کار)

تحریک انصاف کی کارکردگی اس قدر تسلی بخش نہیں رہی جس قدر وعدے کیے گئے تھے اور جو مسائل انہیں باہر بیٹھ کر نظر نہیں آ رہے تھے حکومت میں آتے ہی ظر آنے لگ گئے اور انہیں سمجھ لگ گئی کہ یہ پھولوں کی سیج نہیں ہے۔ میری نظر میں تحریک انصاف نے دعوے زیادہ کر دیئے اور ان کو پورا کرنے کیلئے  100دن کافی نہیں تھے، انہیں چاہیے تھا کہ حقائق کو سامنے رکھ کر وعدے کرتے جبکہ انہوں نے سیاسی بیان ہی دیئے لیکن ان کو پورا کرنے کیلئے کسی حد تک کوشش ضرور کی ہے۔ دوسرا ان کو یہ بھی دیکھنا چاہیے تھا کہ وہ وعدے کریں جو آسانی سے پورے کر سکیں کیونکہ انہوں نے پارلیمنٹ میں جا کر اپوزیشن کو جواب بھی دینا ہے اور عوام کی عدالت میں بھی جانا ہے۔ تحریک انصاف کی مقبولیت میں کمی واقع ہوئی ہے کیونکہ انہوں نے آتے ہی عوام پر مہنگائی بم گرانا شروع کر دیئے جن کی عوام ان سے توقع نہیں کر رہی تھی۔ یہ حکومت مدت پوری کرتی ہے یا نہیں یہ کہنا قبل از وقت ہے لیکن میں صرف اتنا کہوں گی کہ امید پر دنیا قائم ہے۔

فاروق حسنات (تجزیہ کار)

ساری دنیا میں دستور ہے کہ جو پہلی بار اقتدار میں آئے اس کو وقت دیا جاتا ہے اس لئے تحریک انصاف کی حکومت کو وقت دیا جانا چاہئے کیونکہ اب تک کی ان کی کارکردگی تسلی بخش اسلئے ہے کہ انہوں نے کچھ نہ کچھ کرنے کی کوشش کی ہے لیکن ایک غلطی کی ہے کہ انہوں نے عوام کے سامنے اپنے دعوئوں کا معیار بہت اونچا بنا لیا تھا جس کو پورا کرنا ان کے لئے مشکل ہو گیا۔ اب عوام بھی یہی چاہتی ہے کہ جو معیار تحریک انصاف نے خود ہی بتایا ہے اس کو پورا کرے اور اسی وجہ سے انہیں عوام کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔ تحریک انصاف کی مقبولیت کہیں کم ہوئی ہے تو کہیں بڑھی بھی ہے اس لئے میرے نزدیک ان کی مقبولیت پہلے کی طرح قائم ہے اور یہ حکومت اپنی مدت لازمی پوری کرے گی کیونکہ حزب اختلاف مجبوری کے تحت پانچ سال ان کے لازمی پورے کرائے گی۔

بریگیڈیئرریٹائرڈ سید غضنفر علی (تجزیہ کار)

میرے نزدیک اس حکومت کی کارکردگی تسلی بخش رہی ہے کیونکہ کوئی ایسی حکومت نہیں ہے جو تیس سال کا گند فوری طور پر صاف کر سکے۔ اس سے پہلے کسی بھی جماعت نے ایسا نہیں کیا۔ یہ حکومت کرپشن کے خاتمے کے لیے پوری کوشش کر رہی ہے مگر اسے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یہ سارے حکومتی اقدامات عوام کو ابھی تو مشکل اور کٹھن لگ رہے ہیں اصل میں یہ پاکستان کے فائدے میں ہیں۔

تحریک انصاف نے جتنے بھی وعدے کیے تھے انہیں کسی حد تک پورا کرنے کی کوشش کی ہے۔ ان کی مقبولیت کے گراف کو پرکھنا تھوڑا سا مشکل ہے کیونکہ مقبولیت عوام کی نظر کہیں زیادہ ہوئی ہے اور کہیں کم۔ اپوزیشن میں خاص طور پر مولانا فضل الرحمان چاہتے ہیں کہ حکومت مدت پوری نہ کرے جبکہ پیپلز پارٹی اس نظام کو ڈی ٹریک نہیں کرنا چاہتی۔ البتہ عمران خان کو سخت مزاحمت دے رہی ہے۔

برگیڈئیر (ر) محمود شاہ (تجزیہ کار)

تحریک انصاف کی کارکردگی قطعی تسلی بخش نہیں ہے اور میری نظر میں اپنے وعدے پورے کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ تحریک انصاف نے ابتدائی دنوں کے لیے بہت بڑے دعوے کر دیئے تھے۔ البتہ یہ ضرور کہا جاسکتا ہے کہ جس طرح یہ حکومت کام کر رہی ہے یہ مستقبل میں اپنے دعوے پورے کر لے گی۔ دعوے پورے نہ کرنے کا معاملہ اپنی جگہ ہے مگر تحریک انصاف کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ حکومت کے قیام کے فوری بعد تمام معاملات تحریک انصاف نے عوام کے سامنے رکھ دئے تھے جس سے عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔ موجودہ صورتحال میں واضح طور پر یہ کہا جا سکتا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت اپنی مدت پوری کرلے گی۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) طلعت مسعود (تجزیہ کار)

تحریک انصاف کی کارکردگی میرے خیال میں نہ بری قرار دی جا سکتی ہے اور نہ بہتر۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ تجربہ نہ رکھنے والی ایک حکومت سے بہت زیادہ کام ابتدائی دنوں میں ہی کر لینے کی توقعات قائم کرنا زیادتی ہے۔ یہ حکومت اپنے ابتدائی دنوں کے لیے انتخابات سے قبل کیے گئے دعوے پورے کرنے میں ناکام رہی ہے۔ مگر اس کی وجہ یہ ہے کہ اس حکومت کے پاس تجربے کی کمی تھی۔ حکومت کی مقبولیت میں کمی واقع ہوئی ہے اور لوگ مایوس ہوئے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ لوگوں کی توجہ مہنگائی میں کمی کی جانب تھی جس پر تحریک انصاف نہ صرف عمل نہیں کر سکی بلکہ کسی بھی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ناگزیر ہو گیا۔ یہ حکومت اپنی مدت پوری کریگی کیونکہ دوسری جماعتوں کے لیے بھی حکومت بنانا ممکن نہیں ہو گا۔

مزمل اسلم ( معاشی تجزیہ کار)

مجموعی طور پر حکومت کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے، جو وعدے اور دعوے کیے گئے وہ پورے نہیں ہوسکے۔ دیکھا جائے تو وہ وعدے پورے ہونے کا امکان تھا بھی نہیں۔ کیونکہ نوے روز میں ملک کی حالت بدلنے کا صرف دعویٰ ہی کیا جاسکتا ہے۔ لیکن عوام چونکہ یہ سب نہیں دیکھتی اس لیے ان کیلئے ان وعدوں میں کشش ہوتی ہے۔ مہنگائی کا ایک طوفان ہے جو برپا ہو چکا ہے۔ تیل، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ، نت نئے ٹیکسز کا بوجھ نہ صرف کاروباری طبقے کیلئے ڈراؤنا خواب ثابت ہوا بلکہ عام آدمی کے لیے بھی شدید مشکلات کا باعث بنا۔ حکومت اب تک صرف آسرے دے رہی ہے کوئی ایسی واضح پالیسی اب تک سامنے نہیں آ سکی جو یہ اطمینان دے سکے کہ حالات بہتر ہوسکیں گے۔

سیاسی جماعتوں کی مقبولیت انکے اقدامات کی محتاج ہوتی ہے۔ تحریک انصاف کے بلند وبانگ دعوے خود انکے لیے گڑھا بن گئے۔ ظاہر ہے وہ دعوے پورے کرنا ممکن نہیں تھا۔ نتیجہ عوام میں شدید مایوسی کی صورت میں نکلا۔ عوام کی نظر میں وہ حکومت اچھی ہے جو کم ازکم روٹی، کپڑا اور مکان جیسی سہولت انہیں دے سکے۔ لیکن پی ٹی آئی حکومت نے یہ تینوں بنیادی چیزیں عوامی دسترس سے دور کر دیں۔ ایسے میں اگر مقبولیت کی بات کی جائے تو یقینا یہ ایک مذاق ہو گا۔ جس طرح کے اقدامات اس وقت حکومت کر رہی ہے وہ عوام کی نظر میں پسندیدہ نہیں۔ اور اس صورتحال کا دیگر سیاسی جماعتیں بھرپور فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ خواہش تو یہی ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے لیکن ڈلیور نہ کرنے کی صورت میں ظاہر ہے کہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

جبران ناصر (سماجی رہنما )

تحریک انصاف کی کارکردگی بالکل بھی تسلی بخش نہیں۔ اگر چاند تاروں کا وعدہ کرو گے تو چاند تارے لا کر ہی وعدہ پورا کیا جاسکتا ہے۔ وعدہ تو انکا کوئی بھی فی الحال پورا ہونے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ سو دن میں تو کسی چیز کا وعدہ پورا نہیں ہوسکتا۔ سو دن میں گورنر ہاؤس کا لان کھول دیا لیکن بلڈنگ نہیں کھولی۔ سو دن میں گراؤنڈ بریکنگ ہوسکتی ہے۔ شیلٹر بنانے تھے تمبو لگا دیے۔ سو دن میں صرف آغاز ہو سکتا ہے، کام نہیں ہو سکتا۔

کامیاب ہونگے یا ناکام یہ کہنا قبل از وقت ہے لیکن دعوؤں کے تناظر میں یہ کہہ سکتے ہیں وہ وعدے پورے نہیں ہوئے۔ سعودی عرب اور چائنہ سے کیا معاملات ہوئے کیا فیور لی ابھی تک پارلیمنٹ میں شیئر نہیں کر سکے۔ خود مختاری کی بات کرتے تھے، کشکول توڑنے کی بات کرتے تھے۔ آپ کہتے تھے پولیس کو سیاسی دباؤ کی بھینٹ نہیں چڑھنے دینگے۔ لیکن ہم نے دیکھا کبھی ڈی پی او ہٹ جاتا ہے اور کبھی آئی جی۔ تحریک انصاف کی مقبولیت تیزی سے گھٹتی نظر آرہی ہے۔ مقبولیت کیلئے منصوبے اور وعدوں کا رنگ لانا ضروری ہے۔ اچھے یا برے ہیں لیکن ہماری دعا ہے کہ یہ حکومت مدت پوری کرے۔

نذیر لغاری (سینئر صحافی/ تجزیہ نگار)

یہ کہا جاسکتا ہے کہ حکومت نے کارکردگی دکھانے کی کوشش کی لیکن اس کوشش میں کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ حکومت کے پاس کوئی طریقہ کار نہیں تھا، کوئی مینجمنٹ سکل نہیں تھی، نہ ہی حکومت کو یہ معلوم تھا کہ اسکے پاس وسائل کتنے اور مسائل کتنے ہیں، حکومت نے لمبے چوڑے دعوے اور وعدے کر لیے جو پورے کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی، کارکردگی کو تسلی بخش بالکل نہیں کہا جاسکتا، بلکہ یہ کہا جاسکتا ہے کہ حکومت نے کسی قسم کی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہی نہیں ہے۔ کسی خاص شعبے میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ نہ اقتصادی شعبے میں کوئی کامیابی ہوئی ہے نہ ہی تعلیم کے سلسلے میں کوئی کامیابی ملی ہے، نہ روزگار کے سلسلے میں، بلکہ حکومت نے کئی معاملات میں پسپائی اختیار کی ہے۔ لوگوں کو مایوسی ہوئی ہے بہت سے معاملات پر۔ حکومت نے روزگار دینے کے بجائے روزگار لیا ہے۔

جو لوگ چھوٹا موٹا کاروبار کررہے تھے وہ ختم کردیا گیا۔ ٹھیلے الٹا دیئے گئے۔ حکومت کے دعوے کسی منصوبہ بندی کے بغیر تھے اور ویسے ہی پورے کرنے کا کوئی سوال نہیں تھا۔ سوال یہ ہے کہ آپ نے پچاس لاکھ گھر، ایک کروڑ نوکریاں، تعلیم وصحت کی سہولتیں بہترکرنے کے وعدے کیے تھے لیکن کوئی پلاننگ نہیں تھی۔ایسا نہیں ہوسکتا کہ چھ آٹھ ارب ڈالر کے میٹرو کے منصوبے شروع کیے گئے، اب جب یہ مکان بنانے جارہے ہیں جو 180 ارب ڈالر کے منصوبے ہیں تو وہ فنڈز کہاں سے آئیں گے۔ اس ضمن میں بھی کوئی پیشرفت نہیں ہے۔ حکومت کی مقبولیت وہ نہیں رہی جو الیکشن سے پہلے تھی لیکن کسی نہ کسی طرح یہ حکومت پانچ سال پورے کر جائے گی۔

مظہر عباس (سینئر صحافی/ تجزیہ نگار)

ایک طرح سے حکومت کی کارکردگی تسلی بخش ہے بھی اور نہیں بھی۔ ایک چیز مثبت ہے کہ سو دن میں میگا سکینڈل نہیں ہے لیکن گورننس کے حوالے سے اچھی کارکردگی نظرنہیں آتی۔ پنجاب میں ہونیوالے فیصلوں پر وزیراعظم کو بھی سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی کارکردگی کا جس طرح وہ دفاع کر رہے ہیں وہ بنتا نہیں۔ پنجاب میں وہ اتحادیوں کے دباؤ میں نظرآتے ہیں۔ پولیس ریفارمز نہیں کر پا رہے۔ غیر سیاسی پولیس نظر نہیں آئے گی کیونکہ وہاں اندرونی مسائل بہت ہیں۔ عثمان بزدار ایک کمپرومائزڈ امیدوار کے طورپر لائے گئے ہیں۔ پنجاب میں کارکردگی میں کوئی بڑی تبدیلی نظر نہیں آتی۔ بہت سی جگہوں پر جیسے کفایت شعاری چاہے وہ سمبالک ہو لیکن پیغام اچھا جاتا ہے مثبت ہیں چاہے وزیراعظم ہاؤس میں نہ رہنا ہو۔ لیکن اسکا پیغام یہ ہے کہ زندگی سادگی سے گزارنی چاہیے۔

لااینڈ آرڈر کے حوالے سے وزارت داخلہ کا قلمدان عمراں خان کو نہیں سنبھالنا چاہیے۔ وزیرداخلہ کی ضرورت ہے۔ اکنامک ریفارمز کے حوالے سے کمنٹ کرنا ابھی بہت جلدی ہے لیکن یہ احساس ہو گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے بغیر گزارا نہیں۔ کرپشن کے حوالے سے بیانیہ ہے کہ لوگ دیکھ رہے ہیں کہ کارروائی صرف ایک پارٹی کیخلاف ہوتی ہے یا غیرجانبداری نظر آئے گی؟ نہیں نظر آئی تو صرف حکومت ہی نہیں نیب کو بھی چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ عمران خان کے دورے یقین دہانیوں کے لحاظ سے مثبت ہیں لیکن بہت سے ایسے معاہدے ہوئے ہیں جن کے نتائج شاید آگے چل کر نظر آئیں۔ یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ اپوزیشن کا رول کیسا ہے۔ جو تحریک انصاف نے اپوزیشن میں رہتے ہوئے ادا کیا، خوش قسمتی سے پی ٹی آئی کو ویسی اپوزیشن کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

خارجہ پالیسی کے حوالے سے پی ٹی آئی کے اقدامات بھی قابل تعریف ہیں۔ خاص طور پر کرتار پور بارڈر کھولنے کا قدم دنیا کو یہ دکھانا ہے کہ ہم پرامن قوم ہیں اور ہمسایوں سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔ سو دن کا ٹارگٹ جو مقرر کیا تھا وہ سمت کے تعین سے متعلق تھا۔ ہم اسے غلط نظر میں دیکھتے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ انتیس نومبر کے خطاب میں دی گئی تجاویز کو عملی شکل دیں گے یا نہیں۔ عملی اعلانات ہونے ہیں، یہ بنچ مارک انہوں نے خود طے کیا کہ سو دن میں ہم اپنی سمت کا تعین کریں گے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ سمت کا تعین کس طرح کیا جائے گا۔ اب انہوں نے ان تمام چیزوں کا پلان دینا ہے۔ سو دن کی کارکردگی کسی بھی حکومت کو جج کرنے کیلئے کافی نہیں ہوتی۔ گیس، سی این جی، بجلی کی قیمتیں اوپر گئی ہیں۔ ڈالر کرائسز کھڑا ہوا۔ لوگ ان سے خوش نہیں ہیں۔ مہنگائی بڑھی ہے۔ اثر پڑا ہے۔ آپ کہتے ہیں کہ قربانی دیں تو لوگ بھی سوال کرتے ہیں کہ چوری ڈاکے کی وصولی عوام سے کیوں کی جارہی ہے۔

ان فیصلوں سے ہوسکتا ہے کہ انکی مقبولیت جو پچیس جولائی کو تھی اس میں کمی آئے گی لیکن لوگ پھر بھی انہیں وقت دینا چاہتے ہیں۔ اسی لیے ابھی بڑا احتجاج نہیں ہوا۔ اسکا ٹیسٹ اگلے سال بلدیاتی انتخابات میں ہو گا۔حکومت مدت پوری کرے گی، اور مجھے نہیں لگتا کہ عمران خان کو اس حوالے سے کسی پریشانی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

پروفیسر توصیف احمد (ماہر تعلیم )

حکومت کی اب تک کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے، کیوں کہ حکومت سے قبل جو تبدیلی کے، کرپشن اور مہنگائی کے خاتمے کے نعرے لگاتے رہے وہ کہیں نظر نہیں آتے، گورننس کہیں نہیں ہے، کرپشن موجود ہے، عوام کو سہولیات کہیں نظر نہیں آتیں، پارلیمنٹ کوئی قانون نہیں بنا پائی سوائے بجٹ کے۔ حکومت غیر ضروری کاموں میں الجھ رہی ہے۔ حکومت نے جو دعوے کیے تھے وہ پورے نہیں کیے، اسی لیے عمران خان نے یوٹرن فلسفہ پیش کیا تا کہ اپنے کیے وعدوں سے مکرنے کا جواز پیش کر سکیں، آج ہی خبر لگی ہے کہ لاہور میں میٹرو کے کرائے بڑھا دیئے گئے، شہباز شریف پر یہ الزامات لگاتے تھے کہ میٹرو پر کروڑوں روپے لگا دیے، انہوں نے عوام سے وہ سہولت بھی چھین لی اور میٹرو کے کرائے بڑھا رہے ہیں۔

آپ کو تو چاہیے کہ آپ عوام کو سہولیات دیں۔ میرے خیال میں مقبولیت میں کمی واقع ہوئی ہے، یہ واحد حکومت ہے کہ جو چاہتی ہے اسمبلی میں موپ رہے، اپوزیشن کو پروبوک کرتی ہے، وزیر اطلاعات کا سینیٹ میں جھگڑا کیا ہے۔ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی ۔

صارم برنی (سماجی کارکن)

میرا خیال ہے کہ کچھ کام ہوتا نظر آئے گا تو بتاسکتے ہیں کہ اچھا یا برا ہو رہا ہے۔ جب سے تبدیلی کا نعرے لگانے والے آئے ہیں اس دن سے ہر چیز تھم گئی ہے۔ چیزیں اوپر کے بجائے نیچے کی طرف جاتی نظر آ رہی ہیں۔ اسمبلی میں سوائے بدتمیزی اورایک دوسرے کی کردار کشی کے کچھ نہیں دکھائی دے رہا۔ جتنی بڑی باتیں کی ہیں کہ اگر پانچ سال نہیں پچاس سال بھی دیے جائیں تو نہیں کرسکتے۔ نوے دن میں کرپشن ختم کرنے کا وعدہ کرنے والے ارد گرد کے چار ڈرائیور ختم نہیں کرسکتے۔ پچاس لاکھ گھروں کی بات کرتے ہیں، پانچ سال میں پچاس ہزار گھر بھی نہیں بنا سکتے۔ میڈیا کی جنگ لڑ رہے ہیں وہی کرتے آئے ہیں وہی اب بھی فوکس ہے۔

اچھے کاموں سے مقبولیت بڑھتی ہے۔ برے کاموں سے بدنامی ہوتی ہے۔ بدنامی کے زمرے میں تو یہ آرہے ہیں۔ مقبولیت نہیں کہہ سکتا۔ ملک میں چیزیں تبدیل کر رہے ہیں تو ٹھیک ہے ورنہ بہت جلد چلے جائیں گے۔ طاقت جیتتی ہے۔ غلط طریقے سے جیتنے والے ہمیشہ طاقت سے دبتے ہیں۔ اگر نوے دن کی طرح وقت آگے گزرتا ہے تو مدت پوری ہوتی نظر نہیں آتی۔ یہ چاہے سلیکٹڈ ہوکر آئے ہوں اگر اپنے دعوؤں کا پینتیس چالیس فیصد بھی پورا کرلیں تو اگلی دفعہ الیکٹڈ ہوکر آئیں گے۔

تحریر: احمد ندیم


 

Advertisement