برٹش ایئر ویز کا پاکستان کیلئے پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ

Last Updated On 18 December,2018 06:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) برٹش ایئرویز نے پاکستان کیلئے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ برطانوی فضائی کمپنی 10 سال بعد پاکستان میں آپریشنل ہو گی جس کے تحت ہفتے میں 3 پروازیں اسلام آباد سے لندن کے درمیان چلائی جائیں گی، پروازوں کا آغاز جون 2019 سے ہو گا۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کے مشیر زلفی بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس میں قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر رچرڈ کراؤڈر نے کہا کہ برٹش ائیرویز نے پاکستان میں فضائی آپریشن بحال کر دیا ہے، امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی جس کے باعث سروس دوبارہ بحال کر دی گئی ہے ۔ رچرڈ کراؤڈ کا کہنا تھا کہ پاکستان کیلئے برطانیہ دوسری بڑی مارکیٹ ہے، اسلام آباد سے لندن کے ہیتھرو ائیر پورٹ کیلئے ہفتے کے دوران تین فلائٹس چلیں گی۔

برٹش ائیر ویز کے نمائندے نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کیلئے 10 سال بعد پروازیں شروع کر رہے ہیں ہفتے میں 3 مرتبہ چلائی جانے والی پروازوں کا دو طرفہ کرایہ 499 برطانوی پاونڈ مقرر کیا گیا ہے، پروازوں کیلئے تھری کلاس 787 ڈریم لائنر طیارے استعمال کئے جائیں گے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی قوم اور سیکیورٹی فورسز کی امن کیلئے کوششیں رنگ لانے لگی ہیں۔ پاکستان میں فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کرنے پر برطانیہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ہمیں آگے ہی جانا ہے۔

اسلام آباد میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے اس حوالے سے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ وہ برٹش ائیر ویز کی پاکستان میں پروازوں کی بحالی پر انتہائی خوشی محسوس کر رہے ہیں، اس اقدام سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
 

Advertisement