وفاقی کابینہ: محسن داوڑ، علی وزیر کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی ہدایت

Last Updated On 20 December,2018 01:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں عمران خان نے محسن داوڑ اور علی وزیر کے نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا، دونوں ارکان قومی اسمبلی کے نام فوری ہٹانے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں 31 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا، وزیر خزانہ حکومتی اخراجات میں کمی سے متعلق بریفنگ دیں گے جبکہ کابینہ کو سرمایہ پاکستان کمپنی کے حوالے سے بھی بریف کیا جائے گا، مقامی حکومتوں کے بورڈ کے قیام کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

ماسٹر پلان پر نظرثانی کے لئے کمیشن کا قیام بھی ایجنڈے کا حصہ ہے، ادویات کی قیمتوں کی زیادہ سے زیادہ حد مقرر کرنے کی منظوری متوقع ہے، مہاجرین کی واپسی کے لئے پاک افغان لائحہ عمل پر بھی غور ہو گا، کابینہ اجلاس میں فاٹا اصلاحات پر بریفنگ، بیلارس اور پاکستان کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے، تہران اور ایتھنز میں ایف آئی اے رابطہ دفاتر کیلئے اخراجات کی منظوری دی جائے گی۔ کابینہ یوریا کھاد کی قلت کے مسئلے پر بھی غور کرے گی۔

وفاقی کابینہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری کی منظوری دے گی، کابینہ نیوٹیک کے سربراہ کے تقرری، انرجی کمیٹی کے 5 دسمبر کے فیصلوں اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔