ایم کیو ایم وفد کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات، حکومت کیساتھ معاہدے پر مشاورت

Last Updated On 21 December,2018 04:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات، الیکشن سے قبل کئے گئے معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔

وفاقی وزرا ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور بیرسٹر فروغ نسیم پر مشتمل وفد نے اسلام آباد میں وزیر خارجہ اور تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، اس موقع پر وزیر خزانہ اسد عمر بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، قائمہ کمیٹیوں کے قیام اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں رہنماؤں نے الیکشن سے قبل تحریک انصاف اور ایم کیو ایم پاکستان کے معاہدے پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔

فریقین نے ملک کے وسیع تر مفاد میں پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔