'شہباز شریف نے گوٹی فٹ کرلی، ایسا لگتا ہے دم کرنے میں کامیاب ہوگئے'

Last Updated On 22 December,2018 02:53 pm

پشاور: (دنیا نیوز) شیخ رشید کا کہنا ہے شہباز شریف نے گوٹی فٹ کرلی، ایسا لگتا ہے دم کرنے میں کامیاب ہوگئے، نواز شریف کو چھوٹے بھائی اور چودھری نثار کی بات دیر میں سمجھ آئی۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا رحمان بابا ایکسپریس کا افتتاح کل ہوگا، لگتا ہے شہباز شریف نے گوٹی فٹ کرلی، بلی کو دودھ کی رکھوالی پر خود بٹھایا۔ انہوں نے کہا ہم خود بلاتے ہیں آؤشہباز صاحب ہمیں اسمبلی میں گالی نکالو، جو سب سے بڑا چور ہے وہ احتساب کرے گا، وہ اپنے آرڈر خود جاری کرے گا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا آصف زرداری کہتے ہیں دل دکھتا ہے جب غریب کا حق مارا جاتا ہے سب سے بڑے چور ڈاکو تو آپ ہیں، احتجاجی تحریک نہیں ٹریلر چلے گا دو تین ہفتے ہلکی پھلکی موسیقی ہوگی پکا راگ کوئی نہیں گائے گا۔