کارکن بن کر انصاف کیلئے کردار ادا کروں گی، مریم نواز کا عزم

Last Updated On 23 December,2018 11:30 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مریم نواز نے خاموشی توڑ دی، اسلام آباد روانگی پر نواز شریف کو رخصت کیا، کارکن بن کر پارٹی قائد کو انصاف دلانے کیلئے کردار ادا کرنے کا عزم، مریم نواز نے ٹویٹ میں والد اور مرحومہ والدہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دعا بھی کی۔

فواد چودھری کے طنز پر جواب یا پھرپارٹی قائد نواز شریف سے اظہار یکجہتی؟ مریم نواز کی طویل عرصے بعد لب کشائی، بڑا فیصلہ سننے جانے والے اپنے والد نواز شریف کو لاہور سے رخصت کرتے وقت مریم نواز نے چپ توڑ دی۔

مریم نواز کا والد کی اسلام آباد روانگی کے موقع پر عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں کارکن بن کر انصاف کیلئے کردار ادا کروں گی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو عوام سے جُدا رکھنے والے فیصلے بے بنیاد مفروضوں کی پیداوار ہوتے ہیں۔

اس کے علاوہ مریم نواز نے ٹویٹ بھی کیا جس میں نواز شریف اور اپنی مرحومہ والدہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالی ان کے والدین پر رحم فرمائے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ آخری بار نواز شریف کو مسکراتے ہوئے بیگم کلثوم نواز کے ساتھ دیکھا جبکہ والدہ کو آخری بار تابوت میں دیکھا۔ مریم نواز نے ٹویٹر پر نواز شریف اور کلثوم نواز کی تصاویر بھی اپ لوڈ کیں۔