خدشہ ہے بلاول اپنے والد کی سیاست کی بھینٹ نہ چڑھ جائے: شیخ رشید

Last Updated On 25 December,2018 09:40 pm

کراچی: (دنیا نیوز) شیخ رشید کا کہنا ہے خدشہ ہے بلاول اپنے والد کی سیاست کی بھینٹ نہ چڑھ جائے، خورشید شاہ کی ڈیٹ بھی فکس ہونیوالی ہے، 30 مارچ سے پہلے جھاڑو پھر جائے گا۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عمران خان سے 100 فیصد امید ہے کوئی این آر او نہیں ہوگا، تھوڑا سا جھاڑو پھرا ہے جیسے پیر پھونک مارتے ہیں۔ انہوں نے کہا وکٹ کے دونوں جانب کھیلنے والے کامیاب ہوتے ہیں، ایسے لوگ اپنے فارمولوں کے خود موجد ہوتے ہیں، بینظیر بھٹوکی وصیت نوکرانی کے پرس سے نکلی، زرداری کی وصیت پتا نہیں کہاں ہوگی، اومنی یا کہیں اور ؟۔

شیخ رشید کا کہنا تھا میں سکھر کو خوبصورت شہر سمجھتا ہوں، سکھر جیسے خوبصورت شہر سے بد صورت سیاستدان پیدا ہوئے، ہماری بد نصیبی ہے کہ چور چوکیدار بن گئے ہیں، چور، ڈاکو اور لٹیرے قانون کے شکنجے میں آئے۔ انہوں نے کہا قوم کی جیبیں کاٹنے والے معزز کہلا رہے ہیں، ان کی شکلوں پر لکھا ہے کہ یہ ڈکیت ہیں، خورشید شاہ کی چیخیں بتا رہی ہیں انکی ڈیٹ فکس ہونے والی ہے، شارک مچھلی خورشید شاہ کے پیچھے پڑی ہے۔

وفاقی وزی ریلوے نے کہا جہانگیر ترین اچھا کارکن تھا جو ایل بی ڈبلیو ہوگیا، کرپشن کرنے والے یاد رکھیں کے کفن کی جیبیں نہیں ہوتیں۔