زرداری کی ممکنہ گرفتاری کے بعد صنم بھٹو کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ

Last Updated On 27 December,2018 11:58 am

کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی نے صنم بھٹو کو پارٹی میں اہم عہدہ دینے کا فیصلہ کر لیا، آصف علی زرداری کی ممکنہ گرفتاری کے بعد صنم بھٹو میدان میں اتریں گی۔

تفصیلات کے مطابق، بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری کی زیرصدارت نوڈیرو میں سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ہونے والے اجلاس میں صنم بھٹو کو سیاسی میدان میں اُتارنے پر غور و خوض ہوا، ذرائع کے مطابق اجلاس میں صنم بھٹو کو پارٹی کا اہم عہدہ دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اجلاس میں طے ہوا کہ آصف علی زرداری کی ممکنہ گرفتاری کے بعد صنم بھٹو کو میدان میں لایا جائے۔ ذرائع کے مطابق صنم بھٹو بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ عوامی مہم میں بھی شرکت کریں گی۔ اجلاس میں آصف زرداری کی گرفتاری کی صورت میں احتجاجی تحریک چلانے پر بھی غور کیا گیا۔

حکمت عملی کے طور پر تمام ایم این ایز، ایم پی ایز حلقوں میں کارکنان کو متحرک کرینگے جبکہ قانونی محاذ پر جے آئی ٹی رپورٹ اور الزامات کو وکیلوں کا پینل عدالتوں میں چیلنج کرے گا۔

دوسری طرف پیپلزپارٹی نے واضح کر دیا ہے کہ آصف زرداری کی گرفتاری کے نتائج اچھے نہیں ہوں گے، حالات بگڑے تو ذمہ دار حکومت ہوگی۔ اجلاس میں اراکین نے پارٹی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں آصفہ بھٹو نے بھی خصوصی شرکت کی۔
 

Advertisement