اپوزیشن چاہے تو پی ٹی آئی حکومت ختم ہوسکتی ہے: ن لیگ

Last Updated On 01 January,2019 04:39 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) دس جنوری کو اسمبلی اجلاس متوقع، اپوزیشن جماعتیں مل کر فیصلہ کریں گی: احسن اقبال

مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ اپوزیشن چاہے تو تحریک انصاف کی حکومت ختم ہوسکتی ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ 10 جنوری کو قومی اسمبلی کا اجلاس متوقع ہے جس میں اپوزیشن جماعتیں مل کر فیصلہ کریں گی۔ن لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کو کہا تھا کہ اگر سنجیدہ ہیں تو سینیٹ میں جمہوری طریقے سے انتخاب کا راستہ یقینی بنائیں۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جب وزیرداخلہ تھا تو کسی کیس کو تیز اور روکنے کے احکامات نہیں دیئے ۔ ٹویٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے روپے کی قدر میں کمی ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر سرما یہ کا انخلا ہوگیا ہے یا انڈر گراؤنڈ چلا گیا اور سرمایہ کاری مکمل طور پررک چکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سیلز میں کمی کی وجہ سے ہر شعبے میں ملازمین کو فارغ کیا جارہا ہے۔