سپریم کورٹ کے فیصلے سے جے آئی ٹی کی ساکھ ختم ہو گئی، پیپلز پارٹی

Last Updated On 07 January,2019 04:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے جے آئی ٹی کی ساکھ ختم ہو گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا استعفیٰ مانگنے والے اب خود مستعفی ہوں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ پہلے دن سے کہہ رہے تھے کہ جے آئی ٹی سیاسی ہے اور سپریم کورٹ کے آج کے فیصلے سے اس کی ساکھ بھی ختم ہو گئی۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ عدالت عظمیٰ نے بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ سندھ کے نام جے آئی ٹی میں آنے کو بد نیتی قرار دیا ہے۔ وفاقی کابینہ چیئرمین پیپلز پارٹی اور مراد علی شاہ کے نام ای سی ایل پر ڈالنے پر معافی مانگے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج جے آئی ٹی کے سیاسی اور جانبدار ہونے پر مہر لگ گئی ہے۔ ثابت ہو گیا کہ جے آئی ٹی نے حقائق پر نہیں بلکہ سیاسی دباؤ پر رپورٹ مرتب کی، سپریم کورٹ کے حکم سے پیپلز پارٹی کے موقف کی تائید ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت کے دوران بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکالنے اور جے آئی ٹی رپورٹ سے حذف کرنے کا حکم دیا ہے۔