ایف آئی اے نے لیگی رہنما امیر مقام کا بھی کھاتہ کھول دیا

Last Updated On 10 January,2019 07:50 pm

پشاور: (دنیا نیوز) ایف آئی اے اینٹی کرپشن خیبر پختونخوا نے لیگی رہنما امیر مقام کا کھاتہ کھول دیا۔ شانگلہ الپوری روڈ کی تعمیر میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات شروع کر دیں، این ایچ سے تفصیلات بھی طلب کر لی گئیں۔

امیر مقام اینڈ کمپنی شدید مشکلات میں گرفتار ہیں۔ ایف آئی اے اینٹی کرپشن خیبر پختونخوا نے امیر مقام اینڈ کمپنی کا بنایا ہوا 35 کلومیٹر پر مشتمل این نوے شانگلہ الپوری روڈ میں کرپشن کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

2009ء میں ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے 80 فیصد اور 20 فیصد حکومت پاکستان کے فنڈ سے شروع کئے جانے والے پراجیکٹ کا تخمینہ 850 ملین تھا، تاہم 2013ء میں نہ صرف ایشین ڈویلپمنٹ بینک کو نکال دیا گیا بلکہ پراجیکٹ کا تخمینہ بھی 2800 ملین تک جا پہنچا۔

ایف آئی اے نے مبینہ کرپشن کے حوالے سے این ایچ اے سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے روڈ کی ٹیکنیکل اسیسمنٹ بھی شروع کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق ملوث افراد کے خلاف عنقریب مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا جائے گا۔