پی آئی اے: کروڑوں روپے من پسند افراد کی فضائی سیر اور تفریح پر خرچ

Last Updated On 13 January,2019 06:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اربوں کا خسارہ پھر بھی انداز شاہانہ، پی آئی اے نے قومی خزانے کی پونے دو کروڑ سے زیادہ رقم من پسند افراد کی فضائی سیر اور تفریح پر اڑا دی۔

دنیا نیوز کی حاصل کردہ دستاویزات کے مطابق جنوری 2018ء سے اگست 2018ء تک قومی ایئر لائن پر 334 مسافروں نے مفت سفر کیا۔ ان افراد کو پی آئی اے کی امیج بلڈنگ کے نام پر نوازا گیا۔ مفت سفری سہولیات پر پی آئی اے کا 1 کروڑ 86 لاکھ سے زائد خرچ آیا۔

پی آئی اے نے 87 لاکھ 95 ہزار 9 سو 20 روپے کے مفت ٹکٹ جاری کئے۔ تقریباً ایک کروڑ روپے مسافروں کو باقی سہولتوں پر اڑا دیئے گئے۔ مفت سفر کے مزے لوٹنے والوں میں پی آئی اے سوشل میڈیا ٹیم اور دیگر تنظیمیوں کے لوگ شامل تھے۔