فیروزوالہ: کونسلر کی فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت پر لواحقین سراپا احتجاج

Last Updated On 14 January,2019 11:58 am

فیروزوالہ: (دنیا نیوز) فیروزوالہ میں پی ٹی آئی کونسلر کی فائرنگ سے جاں بحق ہونےوالے نوجوان کے ورثا نے لاش دفنانے سے انکار کر دیا۔ احتجاجی مظاہرین نے ٹائر جلا کر لاہور جڑانوالہ روڈ کو بلاک کر دیا۔ پولیس تاحال ملزم گرفتار نہ کرسکی۔

چند ٹکوں کی پتنگ کے عوض بیوہ خاتون کا اکلوتا بیٹا اور گھر کا کفیل قتل ہو گیا۔ چادر میں لپٹی ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کی دہائی کے باوجود پولیس کی بے حسی، ملزم تا حال مفرور ہے۔

فیروزوالہ تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقے فیض پور میں پتنگ پکڑنا نوجوان کو مہنگا پڑ گیا۔ صداقت کٹی پتنگ پکڑتے پکڑتے غلطی سے کھیتوں میں چلا گیا۔ با اثر زمیندار اور پی ٹی آئی کونسلر میونسپل کمیٹی کوٹ عبدالمالک حمید نے صداقت اور ساتھیوں کو کھیتوں میں دیکھ کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 20 سالہ نوجوان صداقت دم توڑ گیا جبکہ اس کے ساتھی جاوید، اقبال اور اسلم زخمی ہو گئے جنہیں علاج کے لیے میو ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا۔

پولیس نے مقدمہ درج تو کر لیا لیکن تاحال مرکزی ملزم گرفتار نہ کیا۔ ورثا اور علاقہ مکینوں نے ٹائر جلا کر لاہور جڑانوالہ روڈ بلاک کر دی جس کے باعث لاہور اور جڑانوالہ جانے والی ٹریفک معطل ہوگئی۔ ورثا کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری تک احتجاج جاری رہے گا۔