صادق آباد: گیس پائپ لائن دھماکے سے تباہ،4 گھنٹے بعد آگ پر قابو پالیا گیا

Last Updated On 09 January,2019 12:34 pm

صادق آباد: (دنیا نیوز) صادق آباد میں بھونگ کے قریب گیس پائپ لائن دھماکے سے پھٹ گئی، قریبی آبادی کو خالی کرالیا گیا، حکام نے ایک گھنٹے بعد لائن کنکشن منقطع کیا، 4 گھنٹے بعد آگ پر قابو پالیا گیا، آگ پر فائر بریگیڈ کی 8 گاڑیوں اور واٹر باوزر نے حصہ لیا۔

آگ بھونگ کے قریب زیر زمین سوئی گیس کی 36 انچ قطر کی پائپ لائن میں دھماکے سے لگی، 4 گھنٹے بعد پائپ لائن میں گیس کی سپلائی روک کر آگ پر قابو پالیا گیا۔ آگ اتنی شدید تھی کہ دھویں کے بادل پورے علاقے میں پھیل گئے۔

قریبی گنے کے کھیت بھی جل کر تباہ ہوگئے، ہنگامی صورتحال کے پیش نظر قریبی آبادی کو بھی خالی کرالیا گیا۔ امدادی کارروائیوں میں فائر بریگیڈ کی 8 گاڑیوں اور واٹر باؤزر نے حصہ لیا، ریسکیوٹیموں نے گنے کے کھیتوں میں لگی آگ کو بجھایا۔ آپریشن کی نگرانی ڈی پی او رحیم یارخان اور اے سی صادق آباد نے کی۔ آتشزدگی کا واقعہ صبح 4 بجے کے قریب پیش آیا۔

سوئی گیس حکام کے مطابق پائپ لائن کی مرمت کیلئے عملہ پہنچ گیا، حکام کا کہنا ہے گیس بند ہونے سے متعدد شہروں میں لو پریشر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، بجلی گھروں کی استعداد کار بھی متاثر ہوسکتی ہے۔
 

Advertisement