راولپنڈی: (دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا، بلوچستان میں آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائی کرتے ہوئے افغان دہشتگرد گرفتار کر لیا جس کے قبضے سے خودکش جیکٹس، بارودی مواد کے علاوہ مواصلاتی آلات بھی برآمد کر لئے.
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن ردالفساد ملک بھر میں کامیابی سے جاری ہے، سیکورٹی فورسز نے بلوچستان سے افغان باشندہ گرفتار کر لیا۔ ایف سی بلوچستان کو چمن کے علاقے میں دہشتگردوں کی پناہ گاہ کی اطلاع ملی جہاں فوری ایکشن کے نتیجے میں دھماکہ خیز مواد، واردات کیلئے تیار کی گئی خودکش جیکٹس اور مواصلاتی آلات ملے جبکہ ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا جس کی افٖغان شہری کے طور پر شناخت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق دہشتگرد قبضے میں لیا گیا خطرناک سامان دہشتگردی کی بڑی کارروائی میں استعمال کرنا چاہتے تھے تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سازش ناکام بنا دی۔