ایف بی آر نے 360 بڑے ٹیکس نادہندگان کا ڈیٹا اکھٹا کر لیا

Last Updated On 17 January,2019 10:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ کراچی میں ایک مردہ شخص کے نام پر دو سال میں ساڑھے 13 کروڑ روپے کی گاڑیاں خریدیں گئیں۔ ایک غریب ڈرائیور بھی 55 کروڑ مالیت کی جائیداد کا مالک نکلا۔

ٹیکس حکام کے مطابق کراچی کے ایک شخص نے 2 سال میں ساڑھے 13 کروڑ کی گاڑیاں خریدیں لیکن تحقیقات میں پتا چلا کہ مذکورہ شخص تو 2016ء میں فوت ہو چکا ہے۔

مردہ شخص کے نام پر 2017ء میں ساڑھے 5 کروڑ روپے جبکہ 2018ء میں 8 کروڑ 70 لاکھ کی گاڑیاں خریدی گئیں۔ مردہ شخص کے نام پر خریدی گئی تمام گاڑیاں 1800 سی سی اور لگژری ہیں۔

کراچی کے ایک غریب ڈرائیور کے نام پر بھی خریدی گئی جائیداد کی مالیت صرف 11 کروڑ ظاہر کی گئی ہے جو اصل میں 55 کروڑ روپے ہے۔

وزیر مملکت برائے محصولات حماد اظہر نے ٹیکس حکام کو ہدایت کی کہ ٹیکس چوروں سے کوئی رعایت نہ کی جائے۔ ٹیکس سکینڈل بے نقاب کرنے والے افسران کو تعریفی اسناد کیساتھ بھرپور تحفظ فراہم کیا جائے گا۔