احتساب عدالت: خواجہ برادران کے جسمانی ریمانڈ میں 26 جنوری تک توسیع

Last Updated On 19 January,2019 01:14 pm

لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ سکینڈل کی تحقیقات میں سعد رفیق اور سلمان رفیق کے جسمانی ریمانڈ میں 26 جنوری تک توسیع کر دی۔

احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے پیراگون ہاوسنگ سوسائٹی کیس کی سماعت کی۔ خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل امجد پرویز نے کہا خواجہ برادران کے خلاف کیس ٹھیک ہے یا غلط، اسکا فیصلہ ریفرنس میں ہو گا، پیراگون کے ساتھ جو بھی لین دین ہوا ہے وہ قانون کے مطابق ہوا ہے ، کوئی ایسا اکاونٹ یا ٹرانزیکشن نہیں ہے جو ڈکلیر نہ کی ہو۔

سلمان رفیق نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت بیساکھیوں پر کھڑی ہے، جیسے ہی بیساکھیاں نکلیں گی حکومت دھڑم سے نیچے آ گرے گی۔ انہوں نے کہا حکومت کے خلاف اپوزیشن کا اتحاد خوش آئند بات ہے، پچھلے 5 ماہ سے صورتحال انتہائی خراب ہے، اپوزیشن کا جتنا دباؤ ہو گا جمہوریت کے لیے اتنا ہی اچھا ہے۔