سانحہ ساہیوال کے متاثرین سے سنگین مذاق، بلاوجہ اسلام آباد گھمایا جاتا رہا

Last Updated On 26 January,2019 03:42 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صدر مملکت سے مبینہ ملاقات کے لئے بلوائے جانے والے سانحہ ساہیوال کے متاثرہ خاندان کو اسلام آباد بلا کر رول دیا۔ صدر مملکت ملاقات کئے بغیر کراچی روانہ ہو گئے۔ ادھر ترجمان ایوان صدر اور ترجمان سینیٹ چیئرمین کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان سے کوئی ملاقات طے نہیں تھی۔

سانحہ ساہیوال کے متاثرہ خاندان کے دکھ کم تھے کہ انہیں اسلام آباد بلوا کر شہر اقتدار کی سڑکوں پر خوار کیا گیا۔ اسلام آباد پہنچنے پر متاثرہ خاندان پر یہ راز کھلا کہ ان کے زخموں پر مرہم رکھنے والے صدر مملکت تو کراچی چلے گئے۔ مقتول خیل کے بھائی جلیل کا کہنا ہے انہیں ایس ایچ او نے پیغام دیا تھا کہ صدر مملکت نے ملاقات کے لئے بلوایا ہے، ہم پر تو پہلے غم کے پہاڑ ٹوٹے ہیں کیوں رسوا کیا جا رہا ہے۔

ادھر ترجمان ایوان صدر کا کہنا ہے صدر مملکت سے متاثرہ خاندان کی کوئی ملاقات طے نہیں تھی، پنجاب حکومت صدر سے متاثرہ خاندان کی ملاقات کی خبروں پرتحقیقات کرے، پتہ لگایا جائے کہ کس کے کہنے پر متاثرہ خاندان کو صدر سے ملاقات کیلئے اسلام آباد لایا گیا۔ دوسری طرف ترجمان چیئرمین سینیٹ نے بھی معذرت کر کے خلاصی کروالی اور کہا خاندان کو ملاقات کیلئے نہیں بلایا، لگتا ہے۔

سانحہ ساہیوال پر پہلے ہی وزررا کے متضاد بیانات سے بہت سے سوال اٹھ چکے ہیں اب صدر مملکت اور چیئرمین سینیٹ سے ملاقات نہ ہونے پر معاملہ مزید جگ ہنسائی کا باعث بن گیا ہے۔