تنازع کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن کا خواب ادھورا ہے: بلاول بھٹو

Last Updated On 05 February,2019 11:27 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے تنازع کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن کا خواب ادھورا ہے، شہیدوں کا خون رنگ لائے گا، بھارت کا مقدر شکست کے علاوہ کچھ نہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے یوم یکجہتی کشمیر پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری عدل و انصاف کے تقاضے پورے کرے، مودی کو لغام دے، بھارت کو انسانی حقوق کے منشور پر عملدرآمد کے لئے پابند کیا جائے، مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی جاری خلاف ورزیوں کو روکا جائے۔ انہوں نے کہا کشمیر، پیپلز پارٹی کے نظریئے کا اہم جُز ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے پی پی قیادت کی کاوشیں تاریخی ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا شہید بھٹو نے جس طرح کشمیری عوام کا مقدمہ عالمی فورمز پر لڑا، اس پر پاکستانی قوم کو فخر ہے، شہید بی بی نے حکومتی سطح پر ہر سال یومِ یکجہتی کشمیر منانے کا اہم فیصلہ کیا، یہ محترمہ بینظیر بھٹو ہی تھیں، جنہوں نے پارلیمنٹ کی خصوصی کشمیر کمیٹی قائم کی۔ انہوں نے کہا صدر زرداری کی زیرِ قیادت حکومت نے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف ہر فورم پر آواز اُٹھائی، مظلوم کشمیریوں کی حق خود ارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے۔