اٹھارویں ترمیم کیخلاف سازشیں ناکام بنا دیں گے:‌ بلاول بھٹو

Last Updated On 01 February,2019 11:21 pm

کندھ کوٹ: (دنیا نیوز) چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے جوبھی کہا وہ جھوٹ ہی نکلا، کٹھ پتلی وزیراعظم ہمارے لئے مشکلات نہیں کھڑی کر سکتا۔ موجودہ حکومت نے آتے ہی عوام کو روزگار دینے کے بجائے چھین لیا، عوامی حقوق کا تحفظ یقینی اور 18ویں ترمیم کیخلاف سازشیں ناکام بنائیں گے ۔

کندھ کوٹ میں بلاول بھٹو زرداری پی پی رہنما میر ہزار بجارانی کی برسی کے موقع پر تقریب سے خطاب کررہے تھے، ان کا کہنا تھا کہ روٹی، کپڑا اور مکان شہید ذوالفقار بھٹو کا نعرہ تھا، پیپلز پارٹی آج بھی اسی فلسفے پر قائم ہے۔ وفاق 18ویں ترمیم پرعمل نہیں کررہا، وزیراعظم کے اپنے وزیر ترمیم کے خلاف ہیں اور اس پر ہر طرف سے حملے کر رہے ہیں لیکن ہم اس کا بھرپور دفاع کریں گے۔

بلاول بھٹو نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ معلوم نہیں عثمان بزدارمیں ایسا کیا تھا جو وزیراعلیٰ پنجاب بنا دیا۔ وزیراعظم ایوب خان کی بڑی تعریف کرتے ہیں، جہاں جاتے ہیں صدارتی نظام کی بات کرتے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ سازش کے ذریعے ہی پیپلزپارٹی کوناکام کیا جا سکتا ہے اسی لئے ہمارے خلاف جھوٹی جے آئی ٹی رپورٹس لائی جارہی ہیں لیکن سیاست میں عوام اور کرکٹ میں امپائر کی مرضی چلتی ہے، کوئی کٹھ پتلی وزیراعظم ہمارے لئے مشکلات نہیں کھڑی کر سکتا۔
 

Advertisement