وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو طلب کر لیا

Last Updated On 05 February,2019 03:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو طلب کر لیا، جس میں وزیرپٹرولیم گھریلو صارفین کو گیس کی اووربلنگ کے معاملے پر بریفنگ دیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو اسلام آباد میں ہوگا، جس میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ گھریلو صارفین کے گیس بلوں میں اضافے کے معاملے پر غور کرے گی، وزیر پیٹرولیم اووربلنگ جب کہ وزیرغذائی تحفظ آلو کے کاشتکاروں کو درپیش مسائل پر بریفنگ دیں گے۔

اجلاس میں مختلف وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، وزیراعظم حکومت کے آئندہ کے اہداف پر کابینہ کو اعتماد میں لیں گے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 21 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا، کابینہ کو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں سے متعلق ماہانہ بریفنگ دی جائے گی، پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان تجارت کے فروغ سے متعلق ایم او یو پر دستخط ہوں گے، ضمنی انتخابات 2018ء کیلئے فنڈزسے متعلق ڈیفنس ڈویژن کی سمری کی منظوری دی جائےگی۔ آڈٹ اوور سائٹ بورڈ کی تنظیم نو کی منظوری، انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان کی کونسل کی نامزدگی ایجنڈے میں شامل ہے۔

کابینہ پاکستان بیت المال بورڈ کی تشکیل نو پر غور کرے گی، پاکستان رینجرز کے لئے 429 ملین روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے سی سی ٹی وی کیمروں کی تبدیلی کیلئے فنڈز کے اجراء، اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 29 جنوری کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔ صحت سے متعلقہ اداروں کی کابینہ ڈویژن سے نیشنل ہیلتھ سروسز کو منتقلی کی منظوری دی جائے گی۔