علیم خان گرفتار، وزیراعلیٰ پنجاب نے مشاورتی اجلاس بلا لیا

Last Updated On 06 February,2019 04:35 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبائی وزیر قانون بشارت راجہ کو فوری طلب کرلیا۔ دیگر اہم وزراء کو بھی ایوان وزیراعلیٰ بلا لیا گیا۔ گرفتاری کے تناظر میں لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا اور ساتھ ہی پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کیے جانے والے رد عمل کا ڈرافٹ بھی تیار کیا جائے گا۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھی عبد العلیم خان کی نیب حراست پر ردعمل سامنے آیا۔ وزیر اعظم کا کہنا ہے علیم خان کا وزارت سے فوری استعفے کا اقدام قابل تعریف ہے، کیس قانون کے مطابق چلا جائے۔ عمران خان نے وزراء کو معاملے پر غیر ضروری بیان بازی سے اجتناب کی ہدایت کر دی۔
یاد رہے نیب نے پی ٹی آئی کے سینئر صوبائی وزیر بلدیات عبدالعلیم خان کو گرفتار کر لیا، انہیں آف شور کمپنیوں کے حوالے سے حراست میں لیا گیا، گرفتاری کے بعد عبدالعلیم خان کو نیب حوالات منتقل کر دیا گیا۔ سینئر وزیر نے اپنا استعفی وزیر اعلی کو بھجوا دیا۔
نیب نے عبدالعلیم خان سے 5 آف شور کمپنیوں سے متعلق سوالات کیے، وہ 18 میں سے 3 سوالات کے جواب دے سکے، جن آف شور کمپنیوں کے حوالے سے سوال پوچھے گئے، ان میں آر اینڈ آر انٹرنیشنل، ایف زیڈ سی، اے این اے اور ہیکسم انوسٹمنٹ اوورسیز لمیٹڈ کمپنی شامل ہیں۔


 

Advertisement