ایک اور ڈیڈ لائن گزر گئی، علیمہ خان نے ٹیکس جرمانہ جمع نہ کرایا

Last Updated On 08 February,2019 02:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایک اور ڈیڈ لائن گزر گئی، علیمہ خان نے ٹیکس جرمانہ جمع نہ کرایا۔ 2 کروڑ 21 لاکھ روپے کی بقایا رقم جمع کرانے کیلئے 7 فروری کی مہلت دی گئی تھی۔

ذرائع ایف بی آر کے مطابق، ایف بی آر نے ٹیکس ادائیگی کیلئے 7 فروری تک مہلت دی تھی، علیمہ خان نے 13 جنوری کو 73 لاکھ روپے کی ادائیگی کی، انہوں نے بقایا 2 کروڑ 21 لاکھ کی رقم تاحال ادا نہیں کی، علیمہ خان نے بقایا ٹیکس کی ادائیگی کیلئے 21 جنوری تک مہلت مانگی تھی، بعد میں ایف بی آر نے 21 جنوری کے بعد 7 فروری کے لئے ٹیکس ادائیگی کا نوٹس دیا تھا۔

یاد رہے علیمہ خان نے دبئی میں 28 لاکھ 78 ہزار درہم سے زائد مالیت کا فلیٹ خریدا تھا۔ ایف بی آر نے علیمہ خان پر ٹیکس اور جرمانہ کی مد میں 2 کروڑ 94 لاکھ 15 ہزار 600 روپے عائد کئے تھے، علیمہ خان نے جرمانہ اور ٹیکس کی کل رقم کا 25 فیصد ادائیگی کر دی تھی۔ ایف بی آر نے علیمہ خان کو فلیٹ چھپانے پر 100 فیصد جرمانہ عائد کیا تھا۔