سوشل میڈیا کو زبان بندی کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مرتضیٰ وہاب

Last Updated On 14 February,2019 06:34 pm

کراچی: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پاکستان کی عوام کو نجات دلانے کے لیے تحریک انصاف حکومت کے پاس کوئی حل نہیں، حکومت نے ستر سالہ تاریخ میں سب سے زیادہ قرضہ لیا لیکن عوام کے مسائل جوں کے توں ہیں۔

سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ این ایف سی کی مد میں صوبہ سندھ کو جو پیسے ملنے تھے وہ اب نہیں ملے۔ شارٹ فارٹ ایک سو پانچ ارب ہو چکا ہے۔ ہمیں ہمارا آئینی شیئر نہیں دیا جا رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ چار اعشاریہ تین کھرب کا قرضہ سٹیٹ بینک سے لیا جاتا ہے تو صوبہ سندھ کو اس کا حق کیوں نہیں دیا جا رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کو آصف زرداری یا پیپلز پارٹی فوبیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کا مقصد اسے بند کرنے کی سازش ہے۔ پیپلز پارٹی اس کے خلاف بھرپور آواز اٹھائے گی۔ پی ٹی آئی خود سوشل میڈیا کے گن گاتی تھی، اب سوشل میڈیا کو عوام کی زبان بندی کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔