پاکستان کے اچھے دن آ رہے، مشکلوں کا خاتمہ قریب

Last Updated On 14 February,2019 03:02 pm

کراچی: (روزنامہ دنیا) میزبان ’’دنیا کامران خان کے ساتھ‘‘ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے اچھے دن آرہے اور مشکلوں کا خاتمہ قریب ہے، اس بات کو بھارتی ماہرین بھی دلائل کے ساتھ ثابت کر رہے ہیں، عالمی میڈیا بھی گواہی دے رہا ہے کہ معاشی استحکام اور وسیع سرمایہ کاری کی حوصلہ افزا خبریں آرہی ہیں جس کی آزاد ذرائع بھی تصدیق کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا خارجہ محاذ پر پاکستان کی بہتر سیاسی پوزیشن ملک کی معاشی خوشحالی کا باعث بننا شروع ہو گئی، بھارت کے کٹر تھنک ٹینک بھی اس کا اعتراف کر رہے ہیں کہ پاکستان میں تبدیلی آرہی ہے۔ سنگین معاشی چیلنجز ضرور ہیں لیکن سرنگ کے آخر میں روشنی کی شعائیں نظر آرہی ہیں۔

گزشتہ روز فنانشل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ افغان عمل میں کردار نے پاکستان کو عالمی سیاست کا محور بنا دیا، افغانستان میں کسی بھی پیش رفت کے لئے پاکستان کی ضرورت ہو گی اور اس اہمیت کی وجہ سے پاکستان کی قسمت کے دروازے کھلنا شروع ہو گئے ہیں، سعودی عرب کے ولی عہد کے دورے میں 14 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے اور آج کا پاکستان 6 ماہ پہلے کے پاکستان سے کہیں بہتر ہے۔

میزبان نے بھارت کے سابق سفیر، تجزیہ کار ایم کے بھدرا کمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا پاکستان کی پالیسیاں اب بھارت یا کشمیر تک محدود نہیں ہیں بلکہ پاکستان خطے میں اپنی جغرافیائی پوزیشن کے حوالے سے بہت فائدہ اٹھا رہا ہے، چین کی سرمایہ کاری اور امریکی صدر ٹرمپ کے یو ٹرن سے پاکستان کے حالات میں اہم تبدیلی آئی ہے، لگتا ہے خطہ اور بین الاقوامی قوتیں پاکستان سے بہتر تعلقات رکھنا چاہتی ہیں، یہ بھارتی پالیسی کی بھیانک ناکامی ہے جس کے تحت ہم پاکستان کو اکیلا رکھنے کی کوشش کر رہے تھے جو نا ممکن تھا، پاکستان اس وقت ایک الگ سفر پر ہے، پاکستان نے اندرونی سکیورٹی کے مسائل کو بھی کامیابی سے حل کر لیا۔ امریکہ کے لئے پاکستان کی مدد کے بغیر افغانستان سے نکلنا نا ممکن ہے، کرتار پور راہداری کے معاملے میں پاکستان نے بھارت کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔

اس حوالے سے معروف تجزیہ کار فہد حسین نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان نے اپنی سٹریٹجک پوزیشن کو بڑی دانشمندی سے استعمال کیا۔ عالمی طور پر بہتر اشارے مل رہے ہیں پاکستان نے جس طرح اپنے پتے کھیلے ہیں اس میں اس کو فائدہ ہوا۔ انہوں نے کہا ہمیں پالیسی میں تسلسل برقرار رکھنا چاہئے اس سے ہمیں معاشی فوائد بھی مل سکتے ہیں۔