پنجاب کے وزرا کی رہائشگاہوں کی تزئین و آرائش کا حکم

Last Updated On 13 February,2019 04:34 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) محکمہ خزانہ پنجاب نے 2کروڑ 27لاکھ روپے اضافی گرانٹ کے طور پر جاری کر دئیے۔ فیاض چوہان ،چودھری ظہیر و دیگر کے سرکاری گھروں کی تزئین و آرائش کی جائیگی۔

وزیراعلی ٰپنجاب نے پنجاب کے وزرا کی رہائشگاہوں کی تزئین و آرائش کا حکم دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے آتے ساتھ ہی فنڈز جاری کرنے کے لئے حکم دیا تھا، جس کے بعد یہ پوچھا گیا تھا کہ تزئین وآرائش کس وزیر نے کیا کرانی ہے، جس کا تخمینہ دوبارہ سے لگایا گیا جو کہ 2کروڑ 27لاکھ روپے سے زائد بنا، جس کی فوری طورپر منظوری کے بعد محکمہ خزانہ پنجاب نے فنڈ جاری کر دئیے ہیں۔ چودھری ظہیر الدین کی سرکاری رہائشگاہ 1اپر مال میں پہلے سے موجود واش رومز کی تعمیر و مرمت ،پہلے سے موجود ایلومینیم ونڈوز کو ختم کر کے نئی لگانا، مرکزی گیٹ کوختم کر کے نئے رنگ اور نئے ڈیزائن کا گیٹ لگایا جائیگا، جس کے لئے 24لاکھ 58ہزار 200روپے استعمال ہوں گے۔
اسی طرح حافظ عمار یاسر کی رہائشگاہ کے لئے کچن کیبنٹ سمیت دیگر تعمیر و مرمت کے لئے 6لاکھ 80ہزار روپے جاری کئے گئے ہیں، اسی طرح سردار حسین بہادر دریشک، حافظ ممتاز احمد،راجہ راشد حفیظ ،محسن لغاری ،نعمان لنگڑیال، ملک محمد انور، وزیر قانون راجہ بشارت، وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان شامل ہیں، جنہوں نے اپنے اپنے گھر سے متعلق تزئین و آرائش کروانے کے لئے تجاویز دیں تھیں، جس کے لئے 2کروڑ 27لاکھ 44ہزار 8سو روپے اضافی گرانٹ کے طور پر جاری کر دئیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل جو سمری منظورکی گئی تھی اس میں 72لاکھ روپے دینے کا حکم تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ فنڈز کم منظورہونے کے باعث وزرا کی جانب سے اعلیٰ حکمران سے بات کر کے دوبارہ سے سمری تیار کی گئی ، جس میں اب 2کروڑ 27لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز منظور کئے گئے ہیں۔فیاض الحسن چوہان نے اس ضمن میں کہاکہ ہمیں گھر ہی خالی ملے ہیں، ابھی اگر پیسے لگ رہے ہیں تو بہت اچھا ہے ،ماضی کی حکومت نے ہمیں ٹوٹی ہوئی چیزیں دی ہیں۔