جعلی اکاؤنٹس کیس: آصف زرداری کا پھر سپریم کورٹ سے رجوع

Last Updated On 15 February,2019 06:35 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں ایک مرتبہ پھر سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔ سابق صدر نے استدعا کی ہے کہ عدالت نے جے آئی ٹی کو نیب کی معاونت کرنے کا حکم دیا لیکن اس کے باوجود ایف آئی اے کی تحقیقات جاری ہیں، ایف آئی اے کو روکا جائے۔

وکیل لطیف کھوسہ کے ذریعے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں سابق صدر آصف علی زرداری نے موقف اختیار کیا کہ عدالت نے جے آئی ٹی کو نیب کی معاونت کرنے کا حکم دیا لیکن اس کے باوجود ایف آئی اے کی متوازی تحقیقات جاری ہیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے آصف زرداری کے لیگل ایڈوائزر ابوبکر زرداری کو طلب کیا اور ان سے مخصوص بینک اکاؤنٹس کے بارے میں پوچھ گچھ کی۔ ایک ہی معاملے پر دو اداروں کا تحقیقات کرنا قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی درخواست بھی دائر کر چکے ہیں۔