پاک سعودی تعلقات اسٹریٹجک پارٹنر شپ میں بدلنا چاہتے ہیں: فواد چودھری

Last Updated On 16 February,2019 02:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری کا کہنا ہے پاک سعودی تعلقات اسٹریٹجک پارٹنر شپ میں بدلنا چاہتے ہیں، وزیراعظم کے ریاض کے دوروں سے تعلقات کو وسعت ملی، مثبت صورتحال سے مثبت تاثر ہی ابھرتا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سعودی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں، تعلقات اقتصادی روابط اور اسلامی اخوت کے رشتے میں بندھے ہیں، شاہ فیصل مسجد دونوں ممالک کے مضبوط رشتے کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا اسلامی رواداری کے فروغ کیلئے سعودی وزارت اطلاعات سے تعاون کر رہے ہیں، وزیراعظم کا وژن ہے کہ پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر بنایا جائے۔

فواد چودھری کا مزید کہنا تھا سعودی شہریوں کیلئے ویزہ کی مخصوص سہولتیں فراہم کی ہیں، چاہتےہیں عرب لوگ یورپ کے بجائے سیرو سیاحت کیلئے پاکستان آئیں، پاکستان کے سیاحتی مقامات دیکھ کر لوگ سوئٹزرلینڈ بھول جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا مستقبل میں پاکستان سعودی عرب کے درمیان مشترکہ لائحہ عمل اپنایا جائیگا، سیاحت کے شعبے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے جائیںگے، مفاہمتی یادداشت کے حوالے سے مشترکہ کمیٹی بھی قائم کی ہے۔  

Advertisement