سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان، شاہی مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری

Last Updated On 17 February,2019 01:57 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان آج دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں جن کے استقبال کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ ولی عہد کے ہمراہ آنے والے شاہی مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، اب تک 7 جہاز اسلام آباد لینڈ کر چکے ہیں۔ شاہی حفاظتی دستے میں شامل ایڈوانس ٹیم بھی اسلام آباد پہنچ گئی جو سکیورٹی انتظامات کا جائز ہ لے گی۔ پاکستانی سکیورٹی حکام نے نور خان ائیربیس سے وزیراعظم ہاوس تک سکیورٹی کے تین حصار قائم کر دیئے۔

وفاقی دارالحکومت کو خیر مقدمی بینرز اور وزیراعظم عمران خان، ولی عہد محمد بن سلمان کی بڑی تصاویر سے سجا دیا گیا ہے۔ وزیراعظم، وفاقی وزرا کے ہمراہ معزز مہمان کا ائیرپورٹ پر استقبال کریں گے، 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی جس کے بعد وزیراعظم ہاوس میں شہزادہ محمد بن سلمان کو گارڈ آف آنر دیا جائے گا۔

وزیراعظم کی سعودی ولی عہد کے ساتھ ون آن ون ملاقات ہو گی جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہو ں گے۔ باہمی معاہدوں پر دستخط کے بعد معزز مہمان اور ان کے وفد کو وزیراعظم عشائیہ دیں گے۔ 18 فروری کو شہزادہ محمد بن سلمان کی صدر مملکت عارف علوی، چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔ معزز مہمان کے اعزاز میں صدر مملکت استقبالیہ دیں گے اور نشان پاکستان سے بھی نوازیں گے۔ ایوان صدر کی تقریب کے بعد شہزادہ محمد بن سلمان ملائیشیا روانہ ہوجائیں گے۔

سعودی وفد میں وزرا، ارکان شاہی خاندان اور کاروباری شخصیات شامل ہیں، دورے کے دوران وفد میں شامل وزرا پاکستانی ہم منصب وزرا سے ملاقاتیں کریں گے جس میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت ہو گی۔ اس دوران مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوں گے، جن میں پٹروکیمیکل ریفائنری کا قیام، ثقافت و آرٹ اور میڈیا تعاون کیلئے پاکستان اور سعودی عرب ایگزیکٹو پروگرام شامل ہیں۔

دورے کے دوران ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو تین حصار باکس سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، سیکیورٹی کی کمانڈ پاک فوج اور شاہی گارڈز مشترکہ طور پر سر انجام دیں گے۔ نورخان ائیربیس سے وزیراعظم ہاوس تک بلند عمارتوں، فلائی اوورز، اوور ہیڈ بریجز پر بھی کمانڈوز تعینات ہوں گے۔ شاہی مہمانوں کی واپسی تک سیکورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔

 

 

Advertisement