سپیکر سندھ اسمبلی کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہوں: آصف زرداری

Last Updated On 20 February,2019 03:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آصف زرداری نے کہا ہے کہ سپیکر سندھ اسمبلی کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہوں، ہم چاہتے تھے یہ سیکھیں اور کام کریں۔

پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا بھارت نے جارحیت کی تو سب متحد ہوں گے، پوری قوم فوجی بھائیوں کے ساتھ ہوگی، ہنگامی حالات ہیں، کشمیر کی صورتحال اہم ہے، نا بالغ حکومت کو سمجھ نہیں آرہی۔ انہوں نے کہا حکومت کے آنے سے پاکستان مزید تنہا رہ گیا، بھارت نے تاج ہوٹل واقعہ کا الزام بھی پاکستان پر لگایا، پاکستان نے سفارتی محاذ پر تاج ہوٹل معاملے کا مقدمہ لڑا، ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔

آصف زرداری کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد کی آمد پر شہباز شریف کو بلایا گیا نہ مجھے، ایک چارلی سے ٹویٹ کرا دیا گیا کہ یہ آنے کے قابل نہیں، ہمیں جیل جانا پڑا تو دیکھ لیں گے، ماضی میں بھی قید کاٹی، جیل میرا دوسرا گھر ہے۔ انہوں نے کہا ہم ہمسایوں کیساتھ سیاسی حل نکالنے کی کوشش کرتے ہیں، ہم نے ماضی میں بھی ایسے مسائل پر پارلیمنٹ کا اجلاس بلایا، سعودی ولی عہد کی آمد پر مدعو کیا ہوتا تو ضرور جاتے، سعودی ولی عہد کی آمد پر اپوزیشن کو دعوت نہیں دی گئی۔