صوبہ سندھ کی زمین کا ڈیٹا آن لائن کر دیا گیا

Last Updated On 21 February,2019 08:31 pm

کراچی: (دنیا نیوز) اب شہری زمین کی جانچ کیلئے پریشان نہ ہوں کیونکہ پورے سندھ کی زمین کا ڈیٹا آن لائن کر دیا گیا ہے، دوسرے مرحلہ مکمل ہونے پر زمین کی جانچ گھر بیٹھے ہو سکے گی۔

ممبر بورڈ آف ریونیو روشن علی شیخ نے میڈیا کو بریفنگ میں کہا کہ سندھ کی تمام زمینوں کا ریکارڈ ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے، اب پٹوراری یا تحصیل دار کے پاس زمین کی جانچ پڑتال کےلیے جانا ضروری نہیں ہوگا۔ بورڈ آف ریونیو کے دفتر میں 150 روپے کی فیس ادا کر کے زمین کی جانچ کرائی جا سکتی ہے۔

روشن علی شیخ کا کہنا تھا کہ ابھی رجسٹرار مہینوں فائلیں دبائے بیٹھے رہتے ہیں لیکن ڈیجیٹلائزیشن کے بعد اگر رجسٹرار نے فائل 3 دن سے زائد اپنے پاس رکھی تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی، اس حوالے سے جلد نوٹیفیکیشن جاری کیا جائیگا۔

ممبر بورڈ آف ریونیو کا کہنا تھا کہ اگلے مرحلے میں سٹامپ کو بھی آن لائن کیا جائیگا اور 1000 سے اوپر کے سٹامپ بینکوں کے ذریعے ملیں گے۔

زمینوں کا ریکارڈ آن لائین کیے جانے کے دوران 63 ہزار جعلی زمینوں کے ریکارڈ کا بھی انکشاف ہوا ہے جس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے اور ریکارڈ کو 3 ماہ میں درست کر لیا جائیگا۔