اراضی ریکارڈ آن لائن ہونا خواب، شہری پٹواری کلچر کا شکار بننے لگے‌

Last Updated On 24 February,2019 03:57 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں لینڈ ریکارڈ سنٹرز میں ضلع بھر کی اراضی کا ریکارڈ آن لائن نہ ہوسکا، فرد لینے کے لیے ریکارڈ سنٹر جانے والے شہریوں کو پٹواریوں کے پاس بجھوا دیا جاتا ہے۔

لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے قیام کے بعد مختلف اضلاع میں لینڈ ریکارڈ سنٹرز بنا کر پٹواری کلچر ختم کرنے کا نعرہ ہوا ہو گیا۔ ریکارڈ سنٹرز کی جانب سے تاحال ضلع بھر کی اراضی کو آن لائن نہ کیے جانے کی وجہ سے شہری پرانے اور بوسیدہ سسٹم میں پھنس رہے ہیں۔

ڈی سی فیصل آباد نے اراضی ریکارڈ آن لائن نہ ہونے کی نشاندہی پر جلد اراضی ریکارڈ آن لائن کرنے کا دعوی کر ڈالا۔ شہریوں کی جانب سے ریکارڈ سینٹرز میں اراضی کا ڈیٹا آن لائن نہ ہونے اور فرد کے حصول کے لیے دوبارہ بوسیدہ طریقہ کار کے لیے بھیجے جانے پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت وقت سے ریکارڈ سنٹرز کی کارکردگی کو بہتر بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
 

Advertisement