ڈیل یا ڈھیل وزیراعظم کی اجازت کے بغیر نہیں ہوسکتی: شیخ رشید

Last Updated On 06 February,2019 05:02 pm

ملتان: (دنیا نیوز) شیخ رشید کا کہنا ہے ڈیل یا ڈھیل وزیراعظم کی اجازت کے بغیر نہیں ہوسکتی، قوم کو حقائق سے آگاہ کروں گا، سپیکر کی مخالفت نہیں کرتا مگر دال میں کچھ کالا ہے۔

 وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیراعظم کا ایسا ساتھی ہوں جو انہیں اصل حقیقت بتاتا ہے، کل وزیراعظم سے ملاقات کروں گا، مسافر ٹرینوں سے نقصان کا تاثر غلط ہے، لٹیروں اور ڈاکوؤں کی وجہ سے ریلوے کی حالت خراب ہوئی۔ انہوں نے کہا میں صوبوں کی سیاست نہیں کرتا، خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر پر اعتراض نہیں۔

قبل ازیں فیصل آباد ریلوے سٹیشن سے شالیمار ایکسپریس کے زریعے ملتان روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو سے صلح ہوگئی ہے، سیاسی ٹرین کا پیکج بہت جلد آ رہا ہے اور ممکن ہے کہ فیملی پیکج آئندہ ماہ مارچ میں سامنے آجائے، پہلے ڈیل کی بات ہو رہی تھی، اب پورے پیکج کی ڈیل ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہم تھل ایکسپریس چلا رہے ہیں جو ملتان، کوٹ ادو، مظفر گڑھ ، لیہ، بھکر، میانوالی کے راستے روالپنڈی جائے گی۔

شیخ رشید نے کہا قصور میں لوگوں نے 15 سال سے ہمارے کرائے نہیں دیئے ان کے خلاف کارروائی کا کہا ہے اور جلد عملی کاروائیاں بھی شروع کر دی جائیں گے جبکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے 2 نئی ٹرینیں چلا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا جناح ایکسپریس 23 مارچ اور سر سید ایکسپریس اگلے کچھ مہینوں میں ٹریک پر آجائے گی، ریلوے ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور اللہ نظر بد سے بچائے، 2019 ریلوے کا سال ہو گا۔

 

Advertisement